زمین کی انتہائی گہرائی میں ہوا کے غبارے پر منفرد سفر کا نیا ریکارڈ قائم،ممکن ہے کہ آئیوان کے اس منفرد اور حیرت انگیز کارنامے کی بدولت ان کا نام گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کر لیا جائے

بدھ 1 اکتوبر 2014 07:52

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اکتوبر۔2014ء ) آسٹریا کے ایک شہری نے زمین کی گہرائیوں میں ہوا کے غبارے پر منفرد اور انوکھا سفر کر کے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کارنامہ انجام دینے والا کوئی نوجوان نہیں بلکہ آسٹریا کے 70 سالہ شہری اسٹرین ائیوان ٹریفونوف ہیں جنہوں نے ہواکے غبارے پر سوار ہو کر فضا کی جانب نہیں زمین کی گہرائی کی طرف سفرکیا، دنیا کے اس طرز کے پہلے اور منفرد سفر کے دوران وہ کروشیا میں غبارے کو ایک غار کے60 میٹر دھانے سے داخل کرتے ہوئے 206 میٹر کی گہرائی تک لے گئے اور پھر کامیابی سے واپس بھی لے آئے،

اس عجیب و غریب اور حیرت انگیز سفرکو مکمل کرنے میں انہیں 25 منٹ لگے، اس مقصد کے لے انہوں نے خصوصی طور پر غبارہ تیار کرایا تھاجس میں بیٹھنے کے لیے روایتی باسکٹ کی بجائے اسٹیل کا فریم لگایا گیا تھا جبکہ 2گیس سلنڈر فٹ کئے گئے تھے اوررممکن ہے کہ ان کے اس منفرد اور حیرت انگیز کارنامے کی بدولت ان کا نام گنیز بک اف ورلڈ ریکارڈ میں درج کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ائیوان کا اپنے سفر کے بارے میں کہنا تھا کہ اس طرح کا کارنامہ زندگی میں ایک ہی بار انجام دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی مشکل کام تھا اور اس کے لیے موزوں غبارے کے ساتھ موزوں موسم بھی درکار تھا جب کہ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ مہم تھی جو شاید کوئی اورنہ کرسکے، ائیوان ٹریفونوف اس سے قبل 1989 میں گرم غبارے پر بحیرہ روم ، 1996 میں قطب شمالی اور 2000 میں قطب جنوبی کے پول پر سفر کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔