پیپلز پارٹی کے ناراض سینئر کارکنوں کا سید قائم علی شاہ ،سندھ حکومت کے وزراء اورصوبائی قیادت سے معافی مانگنے کا مطالبہ ، 18اکتوبر تک صوبائی قیادت کی جانب سے اپنی غلطیوں پر معافی نہ مانگنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے سامنے احتجاج کی دھمکی،پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے اجلاس میں صورتحال میں گرما گرمی،آغا سراج درانی نے معافی کے مطالبے کو مسترد کر دیا

بدھ 1 اکتوبر 2014 07:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے معافی مانگنے کے بعد پیپلز پارٹی کے ناراض سینئر کارکنوں نے پی پی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ ،سندھ حکومت کے وزراء اورصوبائی قیادت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے اور 18اکتوبر تک صوبائی قیادت کی جانب سے اپنی غلطیوں پر معافی نہ مانگنے پر پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے سامنے احتجاج کرنے کی دھمکی بھی دی ہے ۔

منگل کو وزیر اعلی ہاؤس میں ہونیوالے پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے اجلاس صورتحال اس وقت گرما گرم ہوگئی جب پی پی سندھ کونسل کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور اجلاس میں شریک وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزراء اور پارٹی عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بلاول بھٹو کی طرح اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں۔

(جاری ہے)

ناراض سینئر کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ شہید بھٹو کا نواسہ جس نے کوئی غلطی نہیں کی وہ پارٹی سے معافی مانگ سکتے ہیں تو غلطیاں کرنے والے اعتراف جرم کیوں نہیں کرتے ۔

اس دوران اجلاس میں موجود سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے سندھ کونسل کے ارکان سے معافی مانگ لی لیکن ناراض کارکنوں کا اصرار تھا کہ پی پی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ سمیت پوری صوبائی قیادت کارکنوں کے ساتھ رکھے گئے ناروا سلوک کی معافی مانگے اس دوران جب قائم علی شاہ اور دیگر صوبائی وزراء خاموش رہے تو بعض ارکان اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے ۔

پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے اجلاس میںآ غا سراج درانی وہ واحد شخصیت تھے جنھوں نے برملا معافی کے مطالبے کو مسترد کر دیا جس پر اجلاس میں موجودشرکاء نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ،ضلع غربی ،ضلع ملیر اورضلع جنوبی سمیت اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے مختلف اضلاع کے کارکنوں نے آغا سراج درانی کے روئیے پر احتجاج کیا بعض سینئر ارکان کی مداخلت پر صورتحال پر قابو پالیا گیا تاہم ناراض سینئرکارکنان کا کہنا تھا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کی وجہ سے18اکتوبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لئے مشروط کر دار ادا کریں گے ،18اکتوبر تک اگر صوبائی قیادت نے اپنی غلطیوں پر معافی نہیں مانگی تو مرکزی قیادت کے سامنے احتجاج کریں گے ۔