بھارتی وزیراعظم کا مہاتمہ گاندھی کی سالگرہ پر قومی تعطیل کے روز تمام بیورو کریٹس کو دفتر میں آنے اور دفاتر بشمول ٹائلٹ کی صفائی کرنے کا حکم جاری ، افسران میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی

بدھ 1 اکتوبر 2014 07:52

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اکتوبر۔2014ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مہاتمہ گاندھی کی سالگرہ پر قومی تعطیل کے روز تمام بیورو کریٹس کو دفتر میں آنے اور دفاتر بشمول ٹائلٹ کی صفائی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ جس پر ان افسران میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جمعرات کو یہ قومی چھٹی ہونا ہے جس پر وزیراعظم خود بھی دارالحکومت کی ان گلیوں میں صفائی کریں گے جو اپنی گندگی کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنام ہے۔

دوسری جانب میڈیا اطلاعات کے مطابق اس حکم سے افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ہم پہلے ہی وزیراعظم مودی کے آنے کے بعد سے وقت پر دفتر آتے ہیں اور اکثر اوقات ہمیں زیادہ دیر تک بیٹھنا پڑتا ہے جبکہ اب چھٹی کے روز بھی دفتر میں آنے اور صفائی کا احکامات جاری ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور افسر نے کہا کہ میرے بچے اس سے شدید پریشان ہیں کہ قومی تعطیل کے روز بھی ہمیں دفتر جانا ہوگا جبکہ بعض افسران نے اس کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں کلچر تبدیل ہوگا جہاں اب تک صرف چھوٹی ذاتوں کے لوگ ہی صفائی کیلئے رکھے جاتے ہیں۔

ایک اور افسر نے کہا کہ یہ صفائی کی بڑی تحریک ہے اور ہمیں ذمہ داری سے اسے آگے بڑھانا ہوگا اس کا مقصد سرکاری دفاتر کو صاف کرنا ہے جو اکثر کاٹ کباڑ حتیٰ کی پیشاب وغیرہ سے بھی گندے رہتے ہیں۔ بھارتی حکومت نے منگل کو تمام بڑے شہروں کے اہم اخبارات میں اشتہارات بھی دیئے ہیں جن میں عوام سے اس قومی صفائی مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔ مودی تقریباً اپنی ہر تقریب میں صفائی پر زور دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ 2019 ء تک بھارت کو بالکل صاف ستھرا ملک بنا دیں گے جب قوم گاندھی کی 185 ویں سالگرہ منائے گی۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت میں نصف آبادی کو اپنے گھروں میں غسل خانوں کی سہولت میسر نہیں اور انہیں کھلے آسمان کے نیچے اپنی ضرورت کو پورا کرنا پڑتا ہے۔

متعلقہ عنوان :