حکومت نے نئی ٹیکسٹائل پالیسی تیار کرلی ہے جس کا اعلان عیدالاضحٰی کے بعد ہوگا‘وفاقی وزیر عباس آفریدی

بدھ 1 اکتوبر 2014 07:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیر ٹیکسٹائل عباس خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت نے نئی ٹیکسٹائل پالیسی تیار کرلی ہے جس کا اعلان عیدالاضحٰی کے بعد ہوگا، لاہور میں آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکسٹائل پالیسی میں صنعتوں کیلیے بڑے پیمانے پر مراعات دی گئی ہیں اور اس سال موسم سرما میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی گیس بند نہیں ہونے دونگا‘وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 56 نئی کمپنیوں کو گیس اور تیل تلاش کرنے کے لائسنس دیئے گئے ہیں اورگیس کے نئے ذخائر ملنے اور ایل این جی درآمد ہونے پر گیس کا بحران ختم ہوجائے گا‘ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنا ہر شخص کا جمہوری حق ہے ،لیکن احتجاج اور دھرنے اس حد تک دیئے جائیں جس سے معیشت اور قومی املاک کو نقصان نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

گیس اوربجلی کے بحران پر بھی جلدقابو پالیں گے وفاقی وزیر نے کہاکہ فروری تک ایل این جی سسٹم میں آجائیگی،جس کے بعد سی این جی کھول دی جائے گی جبکہ ٹیکسٹائل کو بھی زیادہ گیس کی فراہمی کے فارمولے پر کام کر رہے ہیں،عباس خان آفریدی کا کہنا تھا کہ جلسوں اور دھرنوں کو جمہوری دور میں روکا نہیں جا سکتا لیکن انہیں چاہئے کہ اخلاق کے دائریرہیں اور قوم کو اچھا پیغام دیں، وفاقی وزیر نے بتایاکہ وہ کابینہ سینہ تنخواہ لیتے ہیں اور نہ ہی گاڑی اور رہائش لے رکھی ہے، اپنی جیب سے تمام ذاتی خرچہ کرتے ہیں۔