امریکا یو کرا ئن حکومت کو ہتھیار فراہم نہ کرے، روس کی تنبیہ، اس سلسلے میں کوئی بھی اقدام امریکا کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی براہ راست خلاف ورزی ہو گا‘ ترجمان روسی وزارت خارجہ

ہفتہ 22 نومبر 2014 03:52

ما سکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2014ء)روس نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ مشرقی یوکرائن میں سرگرم روس نواز باغیوں کے خلاف برسرپیکار کیف حکومت کے دستوں کو اسلحہ فراہم کرنے سے باز رہے۔روسی وزارت خارجہ کے ترجمان الیگزینڈر لوکاسووچ نے ماسکو میں کہا کہ ایک امریکی اہلکار کی یہ تجویز کہ واشنگٹن حکومت کیف انتظامیہ کو ہتھیار مہیا کرنے پر غور کرے، کافی سنجیدہ پیغام ارسال کرتی ہے۔

لوکاسووچ نے یوکرائنی سیاسی بحران کے حوالے سے پالیسی میں کسی بڑی تبدیلی سے امریکی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کوئی بھی اقدام امریکا کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی براہ راست خلاف ورزی ہو گا۔یہ امر اہم ہے کہ مشرقی یوکرائن کے دو خطوں میں کئی ماہ سے روس نواز بغاوت جاری ہے اور اس مسلح تنازعے میں یوکرائنی انتظامیہ کو امریکا اور دیگر کئی مغربی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

مغربی ممالک ماسکو حکومت پر الزام عائد کرتے ہیں کہ اس کی جانب سے باغیوں کی پشت پناہی جاری ہے جب کہ ماسکو حکومت ان الزامات کو رد کرتی ہے۔ اسی تناظر میں امریکا نے روس کے خلاف پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔دریں اثناء امریکی محکمہء خا رجہ کے ترجمان جیفری راٹکے نے اپنی یومیہ بریفنگ کے دوران بتایا کہ واشنگٹن حکومت یہ جائزہ لینے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے کہ سب سے بہتر انداز میں یوکرائن کی مدد کس طرح کی جا سکتی ہے۔ ان کے بقول تمام آپشنز میز پر موجود ہیں، جن میں ہتھیاروں کی سپلائی بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :