قائمہ کمیٹی نے خیبر پختونخواہ کے سابق سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ساجد جدون کے وارنٹ جاری کر دئیے ،آئی جی خیبر پختونخوا کو کمیٹی کے آئندہ کے اجلاس میں اُن کی شرکت یقینی بنا نے کی ہدایت

ہفتہ 22 نومبر 2014 03:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2014ء) قائمہ کمیٹی نے خیبر پختونخواہ کے سابق سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ساجد جدون کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا کو ہدایت کی کہ کمیٹی کے آئندہ کے اجلاس میں اُن کی شرکت یقینی بنائی جائے ۔ سینیٹ کی قوا عدو ضوابط اور استحقاق کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر کرنل(ر)طاہر حسین مشہدی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ز تنویر الحق تھانوی اور زاہد خان کی طرف سے دوتحاریک استحقاق کے معاملے کا جائزہ لیا گیا سجاد سلیم ہوتینہ چیف سیکرٹری سندھ کا تنویر الحق تھانوی کے فون کا جواب نہ دینے اور ملاقات نہ کرنے پر تحریک استحقا ق سینیٹ میں پیش کی تھی اور سینیٹر زاہد خان کی طر ف سے خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی طر ف سے واٹر سپلائی سکیم کی تاریخ کے تعین کے بعد افتتاح کے موقع پر کسی بھی اہلکار کی غیر موجودگی کی وجہ سے تحریک استحقاق پیش کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ایوان بالا کے سینئر ترین اور تجربہ کار سینیٹرز جن میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن،معروف آئینی ماہر سینیٹر میاں رضا ربانی ،حاجی محمد عدیل ،ہدایت اللہ ، عبدالروٴف دونوں محرقین سینیٹر تنویر الحق تھانوی ، سینیٹر زاہد خان کے علاوہ سیکریٹری پارلیمنٹری افیئرز منصور اے خان ، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی،جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ڈاکٹر مسعود اختر چوہدری اور نظام الدین خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینیٹرز نے کھل کر ایوان بالا کے رولز کے حوالے سے ممبران سینیٹ کے استحقاق اور بیوروکریسی کے لیئے آئینی حدود پر مکمل عمل درآمد کے حوالے سے بحث کی۔اراکین کمیٹی نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے سابق سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ساجد جدون کی اجلاس میں غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ افتتاح کے موقع پر موجود نہ ہونا بھی غلطی تھی اور قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنا نا منا سب ہے ۔

ہنگو اور مالا کنڈ سے جونئیر افسران کو اجلا س میں بھیجا جا سکتا ہے تو سیکریٹری خود حاضر کیوں نہیں ؟ پارلیمنٹ کو تو وزیر اعظم بھی جواب دے ہیں ممبران پارلیمنٹ عوام کے منتخب نمائندے ہیں سرکاری مصروفیت کا بہانہ نا قابل قبول ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پرمتعلقہ سیکرٹری ساجد جدون کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا کو ہدایت کی کہ کمیٹی کے آئندہ کے اجلاس میں اُن کی شرکت یقینی بنائی جائے ۔

سینیٹر تنویر الحق تھانوی کی تحریک استحقاق کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی سینیٹر کرنل (ر)طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ نے قائمہ کمیٹی سے درخواست کی ہے کہ معزز سینیٹر کا اُن کے آفس میں آنے کا پتہ ہی نہ تھا بیمار ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں تھے اس لئے کمیونیکیشن گیپ ہوا ہے البتہ ٹھیک ہونے کے بعد انہوں نے معزز سینیٹر کے ساتھ ملکر تمام معاملات حل کر لئے ہیں جس پر اراکین کمیٹی کی متفقہ رائے پر معاملہ ختم کر دیا گیا ۔