پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے حالیہ اعلان کا فائدہ صوبے کے عوام کو منتقل کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں،وزیراعلیٰ کی ہدایت، مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ریکارڈ کمی کا اعلان خوش آئندہے،شہبازشریف

اتوار 30 نومبر 2014 09:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا اعلان خو ش آئند ہے -پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کا اعلان کر کے حکومت نے عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے اورعوام کے دل جیت لیے ہیں -پٹر ولیم مصنوعات کی حالیہ کمی کے تاریخی اقدام سے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچے گا-مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے مستقبل میں بھی مزید اقداما ت کرے گی۔

ایک ماہ کے اندر دو بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ِعوام کیلئے تحفہ ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حالیہ اعلان کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو منتقل کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف کی حکومت نے جس تناسب سے پٹرولیم مصنوعات کو سستا کیا ہے اسی تناسب سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہونی چاہیے۔

اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کاعوام کو براہ راست فائدہ پہنچانے کیلئے فی الفور جامع منصوبہ بندی کی جائے۔پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ کمی کا فیصلہ لاگوہونے کے بعدٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اوراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول لائحہ عمل کے مطابق اقدامات اٹھائے۔

صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی اور انتظامیہ مقررہ نرخوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کریں ۔ عوام کو پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ کمی کافائدہ ہر صورت پہنچنا چاہیے،اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ پٹرول پمپوں پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے -انہوں نے کہا کہ کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرولیم کی مصنوعات کی عدم دستیابی کی شکایت نہیں آنی چاہیے-صورتحال پر نظر رکھی جائے او رروزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے-