کوٹ رادھاکشن واقعہ،ازخودنوٹس کی سماعت کیلئے3رکنی بینچ تشکیل دیدیاگیا ،چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا

اتوار 30 نومبر 2014 09:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2014ء) کوٹ رادھا کشن واقعہ از خود نوٹس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔میڈیارپورٹ کے مطابق کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کے قتل پر سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس کیلئے بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، رجسٹرار آفس کی جانب سے 16دسمبر کو کیس کی سماعت مقرر کی گئی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

ڈی پی او کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سجاد مسیح اور صائمہ مسیح کو پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں اینٹوں کے جلتے بھٹے میں پھینکا گیا۔ وہاں موجود ہجوم نے پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق واقعہ کی ایف آئی آر میں 53افراد کو نامزد کیا گیا، جب کہ 39ملزمان جوڈیشل ریمانڈ اور 4 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر جیل منتقل کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقاتی کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنا دی ہے، باقی ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر رجسٹرار آفس نے کیس سولہ دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔واضح رہے کہ قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں بھٹے کے مالک نے اہل علاقہ کے ہمراہ مسیحی جوڑے کو معمولی تنازعہ پر بھٹے میں زندہ جلا کر مار ڈالا تھا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے واقعہ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، جب کہ چیف جسٹس کی جانب سے بھی انسانیت سوز واقعہ پر سوموٹو ایکشن لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :