سمندر میں پھنسے تارکینِ وطن کو بچانا ’پہلی ترجیح ہے : بان کی مون، علاقائی حکومتوں کو اس انسانی بحران کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کے باعث یہ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے،میانمر، ملائشیا اور تھائی لینڈ میں علاقائی رہنمائی سے ہنگامی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال جاری ہے ،پناہ گزینوں کے مسئلے پر تھائی لینڈ میں 29 مئی کو 15 ممالک کی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں اس اہم مسئلے کو زیر بحث لایا جائے گا ، سیکرٹری اقوام متحدہ

اتوار 24 مئی 2015 05:41

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مئی۔2015ء)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو غربت اور ایذارسائیوں کے باعث ترکِ وطن کرنے پناہ گزینوں کو بچانے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ ہفتے کو ویتنام کے شہر ہنوئی میں بان کی مون کا کہنا ہے کہ سمندر میں پھنسے ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن کو بچانا پہلی ترجیح ہونا چاہیے تاہم ان کا کہنا تھا کہ علاقائی حکومتوں کو اس انسانی بحران کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کے باعث یہ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بان کی مون کا کہنا انھوں نے حال ہی میں تھائی لینڈ، ملائشیا اور میانمر میں علاقائی رہنماوٴں سے تبادلہ خیال کیا ہے اور اس ان سے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ان بنیادی مسائل کے حل کی جانب توجہ دیں جس کی وجہ سے لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

‘بان کی مون کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میانمر پر 13 لاکھ آبادی پر مشتمل روہنجیا مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کے باعث بین الاقوامی دباوٴ بڑھ رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں کو بچانا اہم ہے لیکن انھیں دوبارہ ان خطرناک حالات میں واپس نہ بھیجنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔سمندر میں پھنسے تارکین وطن کی تلاش اور انھیں بچانے کے ساتھ ساتھ ان کی دوبارہ آبادکای کی جائے۔ جنوب مشرقی ایشائی ممالک کو ان مسائل کے حل کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کے باعث ہزاروں کی تعداد میں بنگلہ دیشی اور میانمار سے روہنجیا برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے سمندری راستہ اختیار کیا۔

بان کی مون کا کہنا تھا کہ وہ میانمر، ملائشیا اور تھائی لینڈ میں علاقائی رہنمائی سے ہنگامی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ سمندر میں پھنسے تارکین وطن کی تلاش اور انھیں بچانے کے ساتھ ساتھ ان کی دوبارہ آبادکای کی جائے۔واضح رہے کہ پناہ گزینوں کے مسئلے پر تھائی لینڈ میں 29 مئی کو 15 ممالک کی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے تاہم میانمار کے صدارتی دفتر کے ڈائریکٹر ڑو ہتائے کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اس کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا اگر دعوت نامے میں ’روہنجیا‘ کا استعمال کیا گیا کیونکہ ان کا ملک روہنجیا کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :