الیکشن کمیشن نے تحفظات دور نہیں کئے‘ ہم نے الیکشن کمیشن کو 14 گواہان کی فہرست دی تھی لیکن کچھ گواہان میں کمی کر دی گئی الیکشن کمیشن کے کردار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں؛جہانگیر ترین، سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو انکوائری کمیشن میں بلائے جانے کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن کریگا ،انتخابی دھاندلی پر انگوٹھوں کی سازش کو بے نقاب ہونا چاہئے‘ دیگر جماعتوں کے ایم این ایز کو انتخابی مہم چلانے پر نوٹسز جاری نہیں کئے، مرکزی سیکرٹری جنرل

اتوار 24 مئی 2015 05:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مئی۔2015ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو انکوائری کمیشن میں بلائے جانے کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن کریگا الیکشن کمیشن نے تحفظات دور نہیں کئے‘ ہم نے الیکشن کمیشن کو 14 گواہان کی فہرست دی تھی لیکن کچھ گواہان میں کمی کر دی گئی الیکشن کمیشن کے کردار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں‘ انتخابی دھاندلی پر انگوٹھوں کی سازش کو بے نقاب ہونا چاہئے‘ دیگر جماعتوں کے ایم این ایز کو انتخابی مہم چلانے پر نوٹسز جاری نہیں کئے گئے‘ پارٹی الیکشن کرائیں گے اور پارٹی کو منظم کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے سرسید میموریل یونیورسٹی میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے گزشتہ روز فافن سربراہ مدثر رضوی کو رپورٹ پیش کرنے پر کیوں ڈانٹا ہے انکو یہ اختیار کس نے دیا ہے کہ وہ ایک پرائیویٹ ادارے کے سربراہ پر حکم چلا ئیں۔

جہانگیر ترین نے کہا جوڈیشل کمیشن سے بہت بڑے حقائق سامنے آ رہے ہیں اور انتخابی دھاندلی میں انگوٹھوں کے معاملے کو بے نقاب ہونا چاہئے لیکن افسوس ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے دھاندلی کے حوالے سے تحفظات کو دور نہیں کیا۔ تحریک انصاف نے 14 گواہان کی فہرست الیکشن کمیشن کو مہیا کی تھی لیکن بعد میں کچھ گواہان کی کمی کر دی گئی کیونکہ گواہان کو بلانے کا فیصلہ قانونی ٹیم کرتی ہے اور ویڈیو کانفرنس سے بھی جوڈیشل کمیشن گواہی لے سکتا ہے۔

اس وقت دیگر جماعتوں کے ایم این ایز کھلے عام اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور انہیں کوئی بھی نوٹسز جاری نہیں کئے گئے اس لئے اب الیکشن کمیشن کے کردار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو انکوائری کمیشن میں ضرور بلانا چاہئے اور طارق ملک کو گواہی کیلئے بلانے کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن کریگا۔ جہانگیر ترین نے کہا وفاقی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ مقناطیسی سیاہی کی ضرورت نہیں ہے لیکن اب انتخابی دھاندلی میں انگوٹھوں سے متعلق سازش کو بے نقاب ہونا چاہئے اور پوری قوم کے سامنے فیصلہ آنا چاہئے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا پارٹی انتخابات پی ٹی آئی جلد کرائے گی کیونکہ ایسے اقدامات سے ہی پارٹی منظم ہوتی ہے۔