ویکسین ضائع ہونے کوذمہ دارصوبے ہیں،وزارت قومی صحت، ویکسین کی ضیاع میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی مکمل ہوگئی اور ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا

منگل 26 مئی 2015 06:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2015ء) وزارت قومی صحت نے لاہور میں کروڑوں روپے کے ویکسین ضائع ہونے کیخلاف انکوائری کو اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کی ذمہ داری قرار دے دیا ہے جبکہ اسلام آباد میں کیس ایف آئی اے کے حوالے کرکے متعلقہ ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت قومی صحت کے مطابق اسلام آباد میں کروڑوں روپے کی ویکسین کی ضیاع میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی مکمل ہوچکی ہے اور متعلقہ ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے جبکہ لاہور میں سمن آباد ٹاؤن میں جعلی رپورٹنگ کے باعث بچ جانے والی ویکسین کا بڑے پیمانے پر خراب ہوجانے پر کوڑا دانو ں میں پھینکے جانے کے واقع کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے کیونکہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت صحت کی ذمہ داری صوبے کے پاس ہے وفاق صرف سہولت کار ہے جہاں پر صحت کیلئے پیسوں کی ضرورت ہوگی تو وفاقی حکومت اس کی ادائیگی کرتی ہے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ویکسنیشن کا کیس سامنے آنے کے بعد وزارت قومی صحت نے خود ہی اس کی نشاندہی کروا کر پریس کانفرنس کروادی ہے اور پوری معلومات میڈیا کو فراہم کردی اب اس حوالے سے مستقبل میں کوئی ویکسین ضائع نہیں ہوگی ۔