پی ٹی آئی شعبہ خواتین شمالی پنجاب کی سابق صدر حنا منظور کا نئی سیاسی جماعت کا اعلان،ملک میں صف اول کی جتنی بھی پارٹیاں ہیں لوگ ان سے خوش نہیں، ان جماعتوں میں اصول، مشورہ اور جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں،تمام سیاسی جماعتیں اپنے اصل مقصد سے ہٹ چکی ہیں، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 26 مئی 2015 06:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2015ء)ملک میں صف اول کی جتنی بھی پارٹیاں ہیں لوگ ان سے خوش نہیں، ان جماعتوں میں اصول، مشورہ اور جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اصل مقصد سے ہٹ چکی ہیں، عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں، سابق پی ٹی آئی شعبہ خواتین شمالی پنجاب کی صدر حنا منظور نے اپنی نئی سیاسی جماعت کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے فرنٹ نیشنل (پاکستان) پارٹی کے نام سے اپنی نئی سیاسی جماعت قائم کر لی ہے اور باقاعدہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کروا لی ہے۔

انہوں نے اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کا نام فرنٹ نیشنل پارٹی ہے اور ہمارا عزم من الظلمت الی النور یعنی ”اندھیروں سے اجالوں کی طرف“ ہے۔

(جاری ہے)

جھنڈے کا رنگ گہرا نیلا ہے جو ملک سے وفاداری اور اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صف اول کی جتنی بھی پارٹیاں ہیں لوگ ان سے خوش نہیں کیونکہ ان جماعتوں میں اصول، مشورہ اور جمہوریت نہیں ہے۔

جس کی وجہ سے عوام کے حقیقی نمائندے آگے نہیں بڑھ سکتے اور نہ ہی کوئی ان کی بات سننے والا ہوتا ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اصل مقصد سے ہٹ چکی ہیں اور عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے بہترین لوگ اکٹھے کریں گے اور ایک ایسا جمہوری ڈھانچہ تشکیل دیں گے جو ورکرز کی حوصلہ افزائی کر کے بہترین گورننس کیلئے تربیت دے اور جس کے ساتھ چیک اینڈ بیلنس کا نظام بھی ہو۔

حنا منظور نے اپنے بارے میں بتایا کہ ایف این بنانے میں ان کا مرکزی کردار ہے لیکن وہ خود اس کی ہیڈ نہیں بنیں گی اور نہ ہی اس سوچ کو طاقت دیں گی کہ کوئی شخصیت یہ کہے کہ یہ اس کی پارٹی ہے بلکہ پارٹی قیادت کا فیصلہ پارٹی کی تنظیمیں کریں گی ہم نوجوانوں کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی قابلیت اور محنت سے آگے بڑھیں اور پارٹی کی ذمہ داریوں کو سنبھالیں۔

پارٹی کی ممبر شپ مہم کا آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان مقامات پر الیکشن لڑے گی جہاں تنظیمیں مکمل ہوں گی۔ انہوں نے فرنٹ نیشنل کی ترجیحات کے مطابق بتاتے ہوئے کہا کہ ملک میں پینے کے صاف پانی کا مکمل انفراسٹرکچر بنایا جائے گا، پانی کے بھاری بلوں سے نجات دلائی جائے گی، بجلی اور گیس کے متبادل منصوبے متعارف کئے جائیں گے علاقوں کی صفائی کی جائے گی تاکہ عوام پولیو اور ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں سے بچ سکیں قرآن پاک کی ترجمہ کے ساتھ تعلیم پر زور دیا جائے گا تاکہ دین کی سمجھ اور نصیحت حاصل ہو۔

تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ہر سال ایک جماعت کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ تمام ادارے بارہویں جماعت تک تعلیم دیں اور اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہوں۔ ہمارے کسان اور مزدور ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے بغیر ملکی معیشت کی ترقی ناممکن ہے لہٰذا ان کے لئے سپیشل ریلیف پیکیج بنایا جائے گا۔ بائیو میٹرک ووٹنگ سسٹم لانچ کرنے کے لئے سنجیدہ اور بھرپور کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے بانی ورکرز مجتبیٰ اعوان، فیروز شاہ گیلانی ایڈووکیٹ، طیب خان کاکٹر، اکرام، عمران اللہ، عائشہ علوی، اسد کیانی، منیر مصطفائی، محمد نیاز، عدنان احمد، ارسلان خان، ارفان شہزاد، ملک سہیل اور پارٹی کی دیگر اہم شخصیات بھی تھیں۔