واشنگٹن : کیپٹول کے نزدیک مشتبہ پیکج برآمد ،ایک گرفتار،بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشتبہ گاڑی سے ملنے والا پریشر کْکر اور سلنڈر تباہ کردیا

منگل 26 مئی 2015 06:28

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2015ء)امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں حکام کو کانگریس کی عمارت (کیپٹول) کے نزدیک ایک مشتبہ گاڑی سے ایک پریشر کْکر اور گیس کا ایک سلنڈر ملا ہے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اس پریشر کْکر اور سلنڈر کو محفوظ طریقے سے تباہ کردیا ہے اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔کیپٹول پولیس کی خاتون ترجمان لیفٹیننٹ کیمبرلے اے شنائیڈر نے ایک ای میل بیان میں کہا ہے کہ پولیس افسروں کو گشت کے دوران کیپٹول کے مغرب میں نیشنل مال کے نزدیک شاہراہ پر ایک لاوارث گاڑی کھڑی ملی تھی۔

اس میں ایک پریشر کْکر اور گیس کا ایک چھوٹا سلنڈر پڑا ہوا تھا۔اس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ان دونوں اشیاء کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگا دیا ہے اور اس کارروائی کے دوران ایک زوردار دھماکا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی اہلکاروں نے اس گاڑی کے ڈرائیور اسکندریہ ،ورجینیا سے تعلق رکھنے والے اسرائیل شیملیز نامی شخص کو تلاش کرکے گرفتار کر لیا ہے۔اس پر خطرناک مواد رکھنے پر فرد الزام عاید کی گئی ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں ماضی میں پریشر کْکر بم دھماکوں کے لیے استعمال کیے جاچکے ہیں۔اپریل 2013ء میں بوسٹن میں میراتھن کی اختتامی لائن کے نزدیک پریشر کْکر کے بم دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور دو سو ساٹھ سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :