گلوکارہ حمیرا ارشد اور ان کے شوہر احمد بٹ نے پریس کانفرنس میں تمام اختلافات ختم کر دیئے،ہم دونوں میاں بیوی میں کچھ غلط فہمیاں پیدا ہو گئی تھیں جن کی وجہ سے اختلاف نے جنم لیا‘حمیرا ارشد،میاں بیوی میں ناچاقی ہو تو دونوں کو بیٹھ کر اس کا حل کرنا چاہئے زیادہ تر لوگ یہی چاہتے ہیں کہ یہ دوبارہ اکٹھے نہ ہوں‘ احمد بٹ

ہفتہ 13 جون 2015 07:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 جون۔2015ء) گلوکارہ حمیرا ارشد اور ان کے شوہر احمد بٹ نے اپنے درمیان ہونے والے اختلافات ختم ہونے پر گزشتہ روز پریس کلب لاہور میں ایک پریس کانفرنس کی۔ حمیرا ارشد نے بتایا کہ ہم دونوں میاں بیوی میں کچھ غلط فہمیاں پیدا ہو گئی تھیں جن کی وجہ سے اختلاف نے جنم لیا۔ ہمارے نزدیکی کچھ افراد نے ان اختلافات کو پروان چڑھایا لیکن کچھ مخلص لوگوں نے ہمیں دوبارہ ایک کرنے میں اپنی پوری کاوش کی ہم ان لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بہرحال جو ہمارے درمیان غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو چکی ہیں۔ آئندہ زندگی میں ہم دونوں کوشش کریں گے کہ اس طرح کے اختلافات دوبارہ جنم نہ لیں۔ احمد بٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جب میاں بیوی میں ناچاقی ہو جائے تو دونوں کو بیٹھ کر اس کا حل کرنا چاہئے اگر آپ کے اختلافات کی خبر دوسروں تک پہنچ جاتی ہے تو زیادہ تر لوگ یہی چاہتے ہیں کہ یہ دوبارہ اکٹھے نہ ہوں لیکن اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہم نے اپنے دلوں کو صاف کر لیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ اس قسم کے کوئی اختلافات نہیں ہوں گے۔ آخر میں حمیرا ارشد اور احمد بٹ نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر پریس کانفرنس کا اختتام کر دیا۔