ڈی جی رینجرز سندھ کے بیان کے بعد وفاقی حکومت حکمت عملی واضح کر ے،شاہ محمود قریشی ،بتایا جائے حکومت کراچی میں جرائم پیش عناصر کی سرکوبی کیلئے کیا اقدامات اٹھائے گی،میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 13 جون 2015 07:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے نیشنل آرگنائزر اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی نے ڈی جی رینجرز سندھ کی جانب سے کراچی کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کے رو برو دئیے گئے بیان کے بعد وفاقی حکومت سے حکمت عملی واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے سربراہ نے تحقیقات کے بعد اپیکس کمیٹی کو کراچی کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیاہے۔

وفاقی حکومت بتائے کہ وہ اہم انکشافات سامنے آنے کے بعد کیا لائحہ عمل اختیا رکرے گی اور کراچی میں جرائم پیش عناصر کی سرکوبی کیلئے کیا اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی رپورٹ میں تحریک انصاف سے متعلق کچھ بھی موجود نہیں اور اگر کسی جگہ کسی قسم کی خلاف قانون سرگرمی کی نشاندہی کی گئی ہے تو وفاقی و صوبائی حکومتیں کارروائی کیلئے بااختیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مکمل امن کی بحالی کے بغیر پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت بجٹ میں طے کیے گئے مالیاتی اہداف کا حصول کیسے یقینی بنائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر وفاقی حکومت کراچی میں امن امان کی بحالی میں سنجیدہ ہے تو بتائے کہ وہ چوبیس لوگ کون ہیں جن کا ذکر رینجرز کی رپورٹ میں ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وڈیرے اور جاگیردارایران سے سمگل شدہ ڈیزل کی خریدوفروخت کا کاروبار کرتے ہیں جبکہ گھوسٹ ملازمین کی تنخواہوں کی صورت میں ملکی خزانے سے نکالی گئی بڑھی رقم ہڑپ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشتگردی کو مالی وسائل کی فراہمی معطل کرنے کیلئے حکومت کو بروقت اور فوری اقدامات اٹھانا ہوں گے اور اثر ورسوخ کے حامل جرائم پیشہ عناصر پر ہاتھ ڈالنا ہوں گے۔