آصف زرداری کی تقریر ہلکی پھلکی موسیقی ہے اسے دھمال میں تبدیل نہیں ہوناچاہیے ،سراج الحق، ملک کے جمہوری سسٹم کو ایک دفعہ پھر کچھ خطرات لاحق ہونے کی بو محسوس ہورہی ہے،امیر جماعت اسلامی کا کارکنوں سے خطاب،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 جون 2015 08:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جون۔2015ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ آصف زرداری کی تقریر ہلکی پھلکی موسیقی ہے اسے دھمال میں تبدیل نہیں ہوناچاہیے ۔ ملک کے جمہوری سسٹم کو ایک دفعہ پھر کچھ خطرات لاحق ہونے کی بو محسوس ہورہی ہے ۔ سیاست اور جرائم کو الگ رہنا چاہیے اگر کوئی سیاستدان اور اسٹیبلشمنٹ کے کچھ عناصر خود کو قانون اور احتساب سے ماورا سمجھتے ہیں تو ایسے لوگوں کو اپنی سوچ کو بدلناچاہیے ۔

ان خیالات کااظہار انہو ں نے پشاور میں کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کوئی فرد جمہوریت کے لیے لازم و ملزوم نہیں ہے ۔ خود کو احتساب سے بالاتر سمجھنے کا رویہ تبدیل ہوناچاہیے اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر کسی فرد کااحتساب ہوتاہے یا وہ قانون کی گرفت میں آتاہے تو اس سے جمہوریت کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ اخلاقی بحران کا ہے جب تک ہم اپنے اخلاق کو درست نہیں کر لیتے ، ہمارے اعمال میں بہتری نہیں آ سکتی ۔ انہوں نے کہاکہ قومیں اپنے اخلاق و کردار کی وجہ سے ہی بلندیوں پر پہنچتی ہیں ۔ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد ملکی آئین کا احترام کرے اور خود کو کسی آئین و قانون سے بالاتر نہ سمجھے ۔

سراج الحق نے کہاکہ اس وقت پاکستان تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزر رہاہے ہم چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کے ترقی و خوشحالی کے اہم ترین منصوبے پر عمل پیراہیں اور دوسری طرف بھارت اس منصوبے کو رکوانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہاہے ۔ بھارت کی طرف سے آئے روز ملنے والی دھمکیاں اور اشتعال انگیز بیانات خطے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال کا تقاضاہے کہ ملک میں ملی وحدت اور یکجہتی کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کسی اندرونی خلفشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ قومی قیادت کو انتہائی ہوشمندی کاثبوت دیتے ہوئے باہمی اعتماد سازی کی فضا کو قائم رکھنا اور ہر قسم کے انتشار سے بچنا چاہیے

متعلقہ عنوان :