فیصل آباد ، مسافروں کو با رعایت‘ معیاری ، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت کے لئے سی این جی ائیر کنڈیشنڈ میٹرو بس سروس کا اجراء کردیا گیا

جمعرات 18 جون 2015 08:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جون۔2015ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق مسافروں کو با رعایت‘ معیاری ، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت کے لئے نڑ والا چوک سے پینسرہ تک سی این جی ائیر کنڈیشنڈ میٹرو بس سروس کا اجراء کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت ابتدامیں اس روٹ پر 28 بسیں چلیں گی اور نڑ والا چوک سے پینسرہ تک عام سواری 30 روپے اور سٹوڈنٹس کے لئے بیس روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ سدھار بائی پاس تک بیس کرایہ وصول کیا جائے گا یہ بس سروس صبح چھ بجے شروع ہو کر رات 9 بجے تک جاری رہے گی ۔

ڈی سی اونورالامین مینگل نے نڑوالا چوک میں ائیر کنڈیشنڈ میٹرو بس چلا کر سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔کرنل(ر) مبشر جاوید کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور بڑی تعداد میں شہری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ نڑوالا چوک سے پینسرہ تک میٹرو بس سروس کا آغاز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا انقلابی قدم ہے جسے کامیاب بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے ڈرائیورز و کنڈیکٹرز سے کہا کہ دوران سفر مسافروں کے حقوق کا تحفظ کریں جس سے شہریوں کا اس سروس پر اعتماد مضبوط ہوگا۔انہوں نے نڑوالا چوک میں اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ڈی سی او نے گزشتہ ڈیڑھ سالوں کے دوران شہری ترقی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں فیصل آباد کے ترقیاتی نقوش ابھر کر سامنے آئیں گے جس پر شہری رشک کرسکیں گے ۔

کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر گرین ائیر کنڈیشنڈ بس سروس کی بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔اس موقع پر شہریوں نے گرین بس سروس کو فیصل آباد سے پینسرہ تک کے عوام کے لئے تحفہ قرار دیا اور وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے اس اقدام کو سراہا۔