بھارت میں للت مودی اسکینڈل کا پینڈورا باکس کھل گیا، آئی پی ایل سکینڈل میں وزیرخارجہ سشما سوراج کے بعد اب راجستھان کی وزیراعلی وسْندھرا راجے بھی اس کی لپیٹ میں آگئی ہیں

جمعرات 18 جون 2015 08:13

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جون۔2015ء)للت مودی کے بھارت سے فرار کے اسکینڈل کا پینڈورا باکس کھل گیا۔ وزیرخارجہ سشما سوراج کے بعد اب راجستھان کی وزیراعلی وسْندھرا راجے بھی اس کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔بھارت میں آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی اسکینڈل کا دائرہ وسیع ہوتا جارہا ہے۔ للت مودی کیخلاف اسکینڈل میں راجستھان کی وزیراعلی وسندھرا راجے کا نام بھی آگیاہے، جو مودی فیملی کی پرانی دوست ہیں، انہیں کسی اور نے نہیں خود للت مودی کی پبلک ریلیشن ٹیم نے مصیبت میں ڈال دیا ہے۔

ٹیم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 18 اپریل 2011 ء کو وسندھرا راجے نے اْس وقت کی اپوزیشن لیڈر کے طور پر للت مودی کے امیگریشن کی درخواست کے حق میں برطانوی حکام کے سامنے خفیہ بیان دیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیرخارجہ سشما سوراج کے بعد وسندھرا راجے دوسری بڑی رہنما ہیں جن کا نام اس اسکینڈل میں آیاہے۔ سشما سوراج نے للت مودی کو سفری دستاویزات جاری کرنے کیلئے گزشتہ جولائی میں بطور وزیر خارجہ برطانوی حکام کو این او سی جاری کیا تھا۔

سشما سوراج کا موقف ہے کہ انہوں نے انسانی بنیادوں پر این او سی جاری کیا تھا۔اس این او سی کے بعد برطانوی حکومت نے للت مودی کو پرتگال جانے کی اجازت دی، جہاں ان کی بیوی کا کینسر کا علاج ہونا تھا۔ راجستھان کی وزیراعلی بننے کے بعد وسندھرا راجے نے اپنی ریاست میں کینسر انسٹی ٹیوٹ بنانے کیلئے پرتگال کے اسی اسپتال کے ساتھ معاہدہ کیا، جہاں مودی کی بیوی کا علاج ہونا تھا۔ دوسری جانب کانگریس نے اپنا موقف مزید سخت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی زیر نگرانی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے اس اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس ، وزیر خارجہ سشما سوراج کے استعفے اور ان کیخلاف مقدمے کا پہلے ہی مطالبہ کرچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :