سندھ پولیس نے ایک بار پھر وی وی آئی پیز کو بچانے کے لیے کمر کس لی،رحمان ملک اور رامیش کمار کو جہاز میں سوار ہونے سے روکنے والے ارجمند حسین کے ساتھ مزید پانچ مسافروں کے نام ایف آئی آر میں درج کرنے کا فیصلہ

جمعہ 3 جولائی 2015 09:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جولائی۔2015ءِ)سندھ پولیس نے ایک بار پھر وی وی آئی پیز کو بچانے کے لیے کمر کس لی ہے۔ گذشتہ سال اپریل میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اور نون لیگ کے رامیش کمار کو جہاز میں سوار ہونے سے روکنے والے ارجمند حسین کے ساتھ مزید پانچ مسافروں کے نام ایف آئی آر میں درج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔سندھ پولیس نے پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اور نون لیگ کے رکن قومی اسمبلی رامیش کمار کو تاخیر سے پہنچنے پر مسافروں کی جانب سے جہاز میں سوار ہونے سے روکنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کو ارسال کر دی ہے۔

رپورٹ میں پولیس کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا جہاز پی کے370 تکنیکی خرابی کے باعث تاخیر کا شکارہوا جبکہ ارجمند حسین اور پانچ دیگر مسافروں کی جانب سے بلاوجہ دونوں وی آئی پیز یعنی رحمان ملک اور رامیش کمار کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اپریل میں پیش آنے والے واقعے کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل کی سفارش پر دونوں وی آئی پیز سے بدسلوکی کرنے والے پانچ مزید مسافروں کے نام ایف آئی آر میں شامل کیے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بدسلوکی کرنے والے مزید پانچ مسافروں کی شناخت کے لیے پی آئی اے کا اسٹاف اب تک ناکام رہا ہے اور اب نادرا سے ان مسافروں کے کوائف حاصل کیئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :