مسجد حرام کے تیسرے توسیعی مرحلے کی منظوری،منصوبے کی تکمیل کے بعد مسجد میں بیس لاکھ نمازیوں کی گنجائش ہوگی

پیر 13 جولائی 2015 09:14

ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 جولائی۔2015ء )خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد حرام کی توسیع کے تیسرے مرحلے کی منظوری دے دی جس کے بعد مسجد میں دو ملین نمازیوں کی باجماعت نماز ادا کرنے کی گنجائش پیدا ہوجائے گی۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے حرم مکی کی توسیع مکہ معظمہ میں ترقیاتی منصوبوں کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے کی پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔

حرم مکی کے توسیعی پروگرام میں کئی میدانوں کے پروجیکٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں خاص طور پر اقتصادی پروجیکٹ کے ساتھ حجاج ومتعمرین کے لیے سروسز کے منصوبے بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ شاہ سلمان کے دور میں مسجد حرام کی توسیع کا یہ اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد مسجد حرام دو ملین اور دو سو انہتر ہزار مربع میٹروسیع ہوجائے گی۔ منصوبے میں مسجد حرام کے 78 خود کار دروازے بھی شامل ہیں جو حرم کے گراؤنڈ فلور سے ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کھولے اور بند کیے جائیں گے۔ اس کے علاہ بہترین اور اعلیٰ معیار کا ساؤنڈ سسٹم، 4000 اسپیکر اور مسجد میں مانیٹرنگ کے لیے خفیہ کیمروں کی تنصیب بھی پروجیکٹ کا حصہ ہے۔