ایم کیو ایم کاپاکستان رینجرز کے ترجمان کی جانب سے نائن زیر و پر چھاپے کے حوالے سے جاری کئے گئے تازہ بیان پر حیرت کا اظہار

پیر 13 جولائی 2015 08:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 جولائی۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے پاکستان رینجرز کے ترجمان کی جانب سے نائن زیر و پر چھاپے کے حوالے سے میڈیا کو جاری کئے گئے تازہ ترین بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ایم کیوایم کے ترجمان نے کہا کہ ایم کیوایم نے نائن زیر و پر چھاپے کے حوالہ سے گذشتہ چند روز میں کوئی بیان میڈیا کو جاری ہی نہیں کیاہے اس لئے حقائق کو مسخ کرنے یا نہ کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔

ایم کیوایم کے ترجمان نے کہا کہ جہاں تک نائن زیرو پر چھاپے، وہاں سے گرفتار کے گئے افراد اور اس چھاپے کے حوالے سے رینجرز کی جانب سے میڈیا کو دی گئی بریفنگ کا تعلق ہے تو اس بارے میں ایم کیوایم کی شکایات جائز اور سراسر حقائق پر مبنی ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ غور طلب بات یہ ہے کہ اس وقت جب ملک بھر کے عوام پچسیویں شب پر عباد ت میں مصروف ہیں اس وقت رینجر ز کے ترجمان نے اتنی رات گئے کسی جواز کے بغیر بیان کیوں جاری کیا ہے اور عین عید کے موقع پر اس قسم کے بیانات جاری کرنے کے پیچھے کون سے مقاصد پوشیدہ ہیں ۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مناسب ہوگا کہ اس معاملہ پر میڈیا کو بیانات جاری کرنے کے بجائے سپریم کورٹ یا سندھ ہائی کورٹ کے ججوں پر مشتمل ایک غیر جانبدار کمیشن بناکر نائن زیرو پر چھاپے اورایم کیوایم میڈیا سیل کے کارکن وقاص علی کی المناک شہادت کے واقعات کی تحقیقات کروائی جائے تاکہ اس معاملہ سے متعلق تمام تر حقائق پوری دنیا کے سامنے آجائیں ۔