سپریم کورٹ نے روا ں ہفتے مقدمات کی سماعت کیلئے پانچ بینچ تشکیل دے دئیے، دو بینچ اسلام آباد ، ایک لاہور اور دو کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کریں گے، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس عید الفطر کے بعد ہوگا

پیر 13 جولائی 2015 08:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 جولائی۔2015ء)سپریم کورٹ نے روا ں ہفتے مقدمات کی سماعت کے لیے پانچ بینچ تشکیل دے دئیے ، دو بینچ اسلام آباد ، ایک لاہور اور دو کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس عید الفطر کے بعد ہوگا۔اسلام آباد میں بینچ نمبر 1 چیف جسٹس نا صر المک اور جسٹس اعجاز افضل خان پر جبکہ بینچ نمبر 2 جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

جسٹس انور ظہیر جمالی ، جسٹس مشیر عالم اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل بینچ کراچی رجسٹری میں سماعت کریگا۔جسٹس سرمد جلال عثمانی ، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل بینچ بھی کراچی میں مقدمے کی سماعت کریگا۔ جسٹس ثاقب نثار ، جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس اقبال حمید الرحمان پر مشتمل بینچ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کریگا۔ دوسری جانب جوڈیشل کمیشن کا اجلاس عید الفطر کے بعد ہوگا ، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے دس ناموں پر غور ہوگا جبکہ آٹھ ایڈیشنل ججز کی مستقلی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔