گلوبل وارمنگ پروازوں میں تاخیر کی اہم وجہ بن رہی ہے، ماہرین،فضا کے بالائی حصے میں ہوا کے بہاوٴ اور دباوٴ سے فضائی سفر کے اوقات متاثر ہورہے ہیں، رپو رٹ

جمعہ 17 جولائی 2015 05:21

میڈی سن، امریکہ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جولائی۔2015ء )ا آب و ہوا میں تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر میں غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے۔یونیورسٹی آف وسکانس میں واقع ووڈزہول اوشیانوگرافک انسٹی ٹیوٹ کے مطابق دوران پروازہوائی جہازجو کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کررہے ہیں وہی ان کی پروازوں میں تاخیر کی وجہ بن رہی ہے اس کے علاوہ دنیا بھر میں لاکھوں مسافروں کی پرواز میں تاخیر کی وجہ میں گلوبل وارمنگ کا بھی اہم کردار ہے۔

جس کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین نے ہونولولو، لاس اینجلس، سان فرانسسکو اورسیاٹل کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی اطراف سفر کے تفصیلات پرغورکیا اور راستوں میں فضائی دباوٴ اورجیٹ اسٹریم کا بھی جائزہ لیا۔ماہرین نے تحقیق میں فلائٹ کے ان راستوں کی مختلف بلندیوں پرہوائی دباوٴ کا پچھلے کئی سال تک کا جائزہ لیا جس سے ثابت ہوا ہے کہ گلوبل وارمنگ اور فضا میں جیٹ اسٹریم سے پروازوں کی تاخیرہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق فضا کے بالائی حصے میں ہوا کے بہاوٴ اور دباوٴ سے فضائی سفر کے اوقات متاثر ہورہے ہیں اور اس سے ایندھن کی کھپت میں بھی اضافہ ہورہا ہے جب کہ اس سے فضا میں مزید کاربن ڈائی آکسائیڈ شامل ہورہی ہے جس کے باعث ہزاروں لاکھوں پروازوں کی تاخیر اور خرچ ہونے والے ایندھن کا مشترکہ اثر بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔اس ضمن میں ایک پائلٹ کا کہنا ہے کہ فضائی صنعت بہت زیادہ آلودہ ہوچکی ہے جس سے پروازوں میں اب زیادہ وقت لگ رہا ہے جب کہ امریکی فضاوٴں میں روزانہ 30 ہزار کمرشل طیارے محو پرواز ہوتے ہیں جن میں ایک منٹ تاخیر کا مطلب 3 لاکھ گھنٹے تاخیر ہے