یونانی پارلیمان نے بیل آوٴٹ پیکیج کی منظوری دے دی، پارلیمان کی جانب سے منظور کی جانے والی شرائط میں ٹیکسوں اور ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ شامل کر لیا گیا ، قرار داد کے حق میں 229 ،مخالفت میں 64 ووٹ، جبکہ چھ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا

جمعہ 17 جولائی 2015 05:22

ایتھنز ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جولائی۔2015ء )یونان کی پارلیمان نے یورو زون کی جانب سے دیے گئے بیل آوٴٹ پیکج کی سخت شرائط پارلیمان کے باہر ہونے والی جھڑپوں کے دوران منظور کر لی ہیں۔یونانی پارلیمان کی جانب سے منظور کی جانے والی شرائط میں ٹیکسوں اور ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ شامل ہے۔یونان کی پارلیمان میں پیش کی جانے والی قرار داد کے حق میں 229 اور مخالفت میں 64 ووٹ ڈالے گئے جبکہ چھ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

ووٹنگ سے پہلے پارلیمان کے باہر بیل آوٴٹ پیکج کی مخالفت کرنے والوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ مظاہرین نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے جس کے جواب میں پولیس نے ان پر اشک آور گیس کی بوچھاڑ کر دی۔یونان کے وزیراعظم ایلکسس تسیپراس کا کہنا ہے کہ وہ ڈیل پر یقین نہیں رکھتے تاہم انھوں نے اراکینِ پالیمان سے اصلاحات کو منظور کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وہ یونان کے بینکوں کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے ’نامعقول‘ شرائط لاگو کرنے کے لیے تیار ہیں۔ تسیپراس نے ووٹنگ سے پہلے پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونان کے لوگ مکمل باشعور ہیں۔یونان کی حکمران جماعت سیریزا پارٹی کے 30 سے زائد ارکان کی مخالف کے باجود پارلیمان نے یہ قرارداد منظور کی۔ووٹنگ سے پہلے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سیریزا پارٹی کے سخت گیر ارکان اس کے خلاف ووٹ دیں گے۔

دوسری جانب بیل آوٴٹ پیکیج کے مخالفین ووٹنگ سے پہلے یونان کی سڑکوں پر نکل آئے جس میں یونینز اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کرنے والے سرکاری ملازمین، میونسپل کارپوریشن کے ملازمین اور ادویات کی دکانوں کے مالکان شامل تھے۔اس سے پہلے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے یورو زون کے رہنماوٴں کی جانب سے یونان کو دیے گئے بیل آوٴٹ پیکج کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

متعلقہ عنوان :