شہری کی شکایت پر آئی جی کے پی کے ناصر دُرانی نے ایس ایچ اُو شرینگل کو معطل کر دیا، محکمانہ کاروائی کا حکم

ہفتہ 8 اگست 2015 09:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اگست۔2015ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے ایک شہری کی شکایت پرایس ایچ اُو شرینگل کو معطل کرکے اُن کے خلاف محکمانہ کاروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اپر دیر کے رہائشی جاوید حسن جو پیشے کے لحاظ سے ایس ایس ٹی اُستاد ہے اور حال ہی میں ضلع پشاور میں تعینات ہے نے آئی جی پی کو تحریری درخواست دی تھی کہ اُن کا زمیندار صاحب زادہ جو کہ گونگا بھی ہے اور اُنکے کھیتوں کی دیکھ بھال اور مزارعہ کرتاہے کو اُنکے مخالفین اکرام ، عزیزاور ظہور وغیرہ نے مارپٹائی کرکے ننگا کیا اور گاوں میں پھیرایا۔

مخالفین کا مقصد ہمارے زمیندار کو ہٹانے اور اپنی جگہ سے خالی کرانا ہے۔اس واقعہ کے خلاف جب صاحب زادہ رپورٹ درج کرانے تھانہ شیرینگل گئے تو اُن کے مخالفین نے ایس ایچ اُو شیرینگل سے میل ملاپ کرکے صاحبزادہ کے خلاف زنا کا ایف آئی آر درج کیا اور تین چار دن حوالات میں رہا جبکہ صاحبزادہ کا ایف آئی آر روزنامچہ رپورٹ میں تبدیل کیا۔

(جاری ہے)

اور مخالفین 107 میں چالان کرکے رہا کر دیئے اور یہ کہ زنا کا میڈیکل رپورٹ بھی صاف آیاہے۔

آئی جی پی نے درخواست میں لگائے گئے الزامات کو جب ڈی آئی جی انکوائر اینڈ انسپکشن کے ذریعے چیک کیا تو انہوں نے اپنی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کو درست قرار دیاجس پر آئی جی پی نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ اُو رحمان یوسف کو معطل کرکے اُن کے خلاف محکمانہ کاروائی کا حکم جاری کر دیا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جاسکے۔