سیاسی قیدیوں کی رہائی احسن اقدام ہے،یورپی یونین

پیر 24 اگست 2015 09:28

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2015ء)یورپی یونین نے بیلا روس میں چھ سیاسی قیدیوں کی رہائی کو ملکی سیاسی معاملات میں اہم پیش رفت قرار دینے کے ساتھ ساتھ اِس کی تعریف بھی کی ہے۔ بیلا روس پرسخت انداز میں حکومت کرنے والے صدر الیگزنڈر لْوکا شینکو نے غیر متوقع طور پر ہفتے کے روز تمام چھ سیاسی قیدیوں کو معافی دینے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

ان قیدیوں میں سابق صدارتی امیدوار نکولائی اسٹاٹکیوچ بھی شامل ہیں۔

رہائی کے بعد اسٹاٹکیوچ کا مِنسک ریلوے اسٹیشن پر سینکڑوں افراد نے شاندار استقبال کیا۔ انہوں نے اپنی رہائی کو لوکاشینکو حکومت کی اقتصادی مشکلات کے ساتھ نتھی کیا ہے۔ یورپی یونین اور امریکا نے اقتصادی پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے سیاسی قیدیوں کی رہائی کو شرط کے طور پر رکھا ہوا تھا۔