سی ڈی اے کا اپنے سابقہ چیئرمین امتیاز عنائیت الہٰی کو نوازنے کے لئے انوکھی واردات کا انکشاف ،سابق چیئرمن کو سیکٹر ڈی بارہ میں الاٹ ہونے والے کروڑوں روپے مالیتی پلاٹ کی قیمت بروقت ادا نہ کرنے پر لاکھوں روپے کا جرمانہ معاف کئے بناء ہی پلاٹ ٹرانسفر کرنے کی اجازت دے دی

پیر 7 ستمبر 2015 09:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے) بورڈ کی اپنے سابقہ چیئرمین امتیاز عنائیت الہٰی کو نوازنے کے لئے انوکھی واردات کا انکشاف ہوا ہے۔ سابق چیئرمن کو سیکٹر ڈی بارہ میں الاٹ ہونے والے کروڑوں روپے مالیتی پلاٹ کی قیمت بروقت ادا نہ کرنے پر لاکھوں روپے کا جرمانہ معاف کئے بناء ہی پلاٹ ٹرانسفر کرنے کی اجازت دے دی ۔

سی ڈی اے کے بورڈ کے فیصلے کے مطابق جاری ہونے والے لیٹر نمبر 10485/1274/BM/14 کے مطابق سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنائیت الہٰی کو سیکٹر ڈی بارہ تھری میں پلاٹ نمبر 262-B ، 2009 ء میں الاٹ ہوا۔جس کی پانچ اقساط میں ادائیگی 27 مئی 2011ء تک کی جانی تھی ۔تاہم یہ ادائیگی 31 جولائی 2012 تک ادا کی گئی ۔ جس کے بعد امتیاز الہٰی نے این او سی کے لئے اپلائی کیا تاہم سی ڈی اے کی اکاؤنٹس آفیسر کی جانب سے 538853 کے تاخیری اخراجات جمع کروانے کے لئے کہا گیا جس کے جواب میں امتیاز الہٰی نے موقف اختیار کیا کہ تاخیر سے اقساط جمع کروانے کی سہولت ان کو ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے دی تھی تاہم سی ڈی اے اکاؤنٹس آفیسر اپنے موقف پر ڈٹے رہے تاہم سی ڈی اے کی انتظامیہ نے کمال مہربانی کرتے ہوئے اس شرط پر امتیاز عنائیت الہٰی کو مشروط این او سی جاری کر دیا کہ تاخیری اخراجات جمع کروانے یا نہ کروانے کا فیصلہ سی ڈی اے بورڈ کرے گا اور امتیاز الہٰی نے 5 لاکھ 38 ہزار 9 سو روپے کا چیک نمبر 3487530 ایم سی بی سی ڈی اے برانچ بیان حلفی کے ہمراہ جمع کروانے کے بعد این او سی حاصل کرتے ہوئے پلاٹ فروخت کر دیا ۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے بورڈ کے مطابق سی ڈی اے کی پوری تاریخ میں ایسے مشروط این او سی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ 2012 میں ڈلنے والی اس کارروائی سے جان چھڑانے کے لئے تین سال کے بعد آڈٹ کے اعتراض کو دور کرنے کے لئے جرمانہ معاف کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔ خبر رساں ادارے نے بدترین مثال قائم کرنے پر موقف جاننے کے لئے سی ڈی اے کے سیکرٹری بورڈ آصف شاہ جہاں سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی تاہم رابطہ ممکن نہ ہو سکا ۔

متعلقہ عنوان :