وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اعلان، اگلے سال سوات فیسٹیول میں شرکت کیلئے آنے والے سیاحوں اور سوات کے عوام کو کالام میں ترقیاتی سہولتوں کے اعتبار سے واضح اور خوشگوار تبدیلی نظر آئے ، کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا بنیادی کام مواصلات، سیاحت، سپورٹس اور ماحولیات کے شعبوں میں ضروری سہولیات کیلئے بنیادی ترقیاتی ڈھانچے کا قیام ہو گا ،سوات فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب

پیر 7 ستمبر 2015 09:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2015ء)وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اگلے سال سوات فیسٹیول میں شرکت کیلئے آنے والے سیاحوں اور سوات کے عوام کو کالام میں ترقیاتی سہولتوں کے اعتبار سے واضح اور خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی اُنہوں نے کہاکہ کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا بنیادی کام مواصلات، سیاحت، سپورٹس اور ماحولیات کے شعبوں میں ضروری سہولیات کیلئے بنیادی ترقیاتی ڈھانچے کا قیام ہو گا یہ اعلان اُنہوں نے اتوار کے روز کالام میں جاری سوات فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنرل آفیسر کمانڈنگ، ملاکنڈ آرمی ڈویژن، میجر جنرل نادر خان، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے کھیل وسیاحت امجد خان آفریدی، ڈیڈک سوات کے چیئرمین فضل حکیم، ایم این اے سلیم الرحمن، سول و ملٹری افسروں اور ملک بھر سے آئے ہوئے سیاحوں اور مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے بھی میلے میں شرکت کی سوات کا امن بحال کرنے کیلئے پاکستان آرمی اور سوات کے عوام کو بھر پورالفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ چند سال قبل سوات میں دہشت گردوں کے خوف سے سوات میلے جیسی پررونق اور نگا رنگ تقاریب کا انعقادناممکن ہو گیا تھا لیکن پاکستان آرمی کے بہادر افسروں و جوانوں،سول سکیورٹی فورسسزاور سوات کے عوام کے پختہ عزم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کی بدولت اس علاقے میں دہشت گردی اب قصہ پارینہ بن چکی ہے اور سوات میں ترقی اور خوشحالی کا نیاد ور شروع ہو چکا ہے اُنہوں نے کہاکہ آج پوری قوم ملک کے اُن جانبازوں کی ممنون ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران ملک کے محفوظ مستقبل کیلئے اپنی قیمتی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریزنہیں کیا اُنہوں نے کہاکہ ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے سیاحوں کی سوات میلے میں شرکت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ وادی سوات کا امن بحال ہوگیا ہے اور یہ شرکت امن کیلئے قربانیاں دینے والے سول اور ملٹری فورسسزکے شہیدوں سے عقیدت کا بھی اظہار ہے وزیراعلیٰ نے سوات میلے جیسی تقریبات کو ملک کے مختلف حصوں کے عوام کے درمیان یکجہتی اور بھائی چارے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہاکہ پوری قوم کیلئے خاص طور پر یہ امر بڑے فخر کا باعث ہے کہ دہشت گردی اور اس طرح کی دیگر ملک دشمن سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سول و ملٹری ادارے اور پاکستان کے محب وطن عوام آپس میں متحدہیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سوات میلہ ہر سال کالام میں منعقد کرنے کا اعلان کیا تاہم اُنہوں نے کالام میں سڑکوں اور دیگر سہولتوں کی ناگفتہ بہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہنگامی بنیادوں پر قائم کرنے کا اعلان کیا اُنہوں نے کہا کہ یہ اتھارٹی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرز پر قائم کی جائے گی اور ترقیاتی ڈھانچے کے قیام کے علاوہ پائیدار ترقی کیلئے قواعد و ضوابط بھی مرتب کرے گی وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ اتھارٹی کو صوبائی حکومت کی جانب سے بھر پور مالی وسائل فراہم کئے جائیں گے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کالام ۔

(جاری ہے)

ماحو ڈنڈ روڈ ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اگلے سال سوات فیسٹیول میں شرکت کیلئے آنے والے سیاحوں اور عوام کو کالام میں مواصلات اور سیاحت کی سہولتوں میں واضح اور خوشگوار تبدیلی محسوس ہو گی اُنہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے کالام کی ترقی کیلئے بعض منصوبوں کی منظوری پہلے ہی دے دی ہے اُنہوں نے شاہی گراؤنڈ کالام کی جدید طرز پر بحالی کا بھی اعلان کیا تاہم وزیراعلیٰ نے کالام ۔

مینگورہ روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر تشویش ظاہر کر تے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے اس روڈ کی تعمیر کیلئے این ایچ اے کے ساتھ متعدد بار اجلاس بھی منعقد کئے اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس روڈ پر کام اب جلد شروع ہو گا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میلے میں شرکت کرنے والی سپورٹس ٹیموں کیلئے دس لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا اس سے قبل جی او سی میجر جنرل نادر خان نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں سوات فیسٹیول کی اہمیت اور دیگر تفصیلات بیان کیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میلے میں لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ بھی کیا اور شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اُنہوں نے موٹر گلائڈنگ،فلائی پاسٹ، ریموٹ کنٹرول ائرکرافٹ، نیزہ بازی، براس بینڈ، قومی نغموں اور دیگر رنگا رنگ اور دلچسپ مظاہر وں کو بھی سراہا