حافظ آباد،محکمہ وائلڈ لائف جاگ اٹھا، عمران خان کے جلسہ میں ناچنے والے ریچھ ، مالک کو گرفتار کر لیا

پیر 7 ستمبر 2015 09:07

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2015ء)عرصہ دراز سے سویا محکمہ وائلڈ لائف عمران خاں کے جلسہ کے موقع پر جاگ اُٹھا۔ عمران خان کے جلسہ میں ناچنے والے ریچھ اور اس کے مالک کو گرفتار کر لیا۔ریچھ چڑیا گھر لاہور منتقل جبکہ مالک کو تھانہ سٹی کی حوالات میں بند کر دیا۔ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حافظ آباد آمد کے سلسلہ میں ٹھٹھہ کھوکھراں کے رہائشی شوکت علی قلندر نے شہر بھر میں لگائے جانے والے پی ٹی آئی کے استقبالی کیمپ اور میونسپل اسٹیڈیم میں قائم جلسہ گاہ میں اپنے ریچھ کو بھی لے آیا جہاں ریچھ نے مختلف کرتب بھی دیکھائے لیکن شاید شوکت علی قلندر یہ بات نہیں جانتا تھا کہ اس کے خلاف کاروائی بھی ہو سکتی ہے ۔

جلسہ گاہ اور استقبالی کیمپوں میں تو لوگ ریچھ کے کرتب سے بہت محضوظ ہوئے بیچارے شوکت علی قلندر کو پولیس کی گرفتاری کا سامنا کرنا پڑ اگیا۔

(جاری ہے)

محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے شوکت علی کے گھر چھاپہ مار کر اُسے گرفتار کر لیا جبکہ ریچھ کو چڑیا گھر لاہور منتقل کر دیا۔گرفتار ہونے والے شوکت علی کا کہنا ہے کہ اُس نے بڑی مشکل سے ریچھ کو پالا تھا اور اسی سے وہ اپنا روزگار بھی چلا رہا تھا۔

دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف کے افسران کا کہنا ہے کہ ریچھ کو پالنا اور رکھنا غیر قانونی ہے ریچھ کو چڑیا گھر لاہور منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اُس کے مالک کو گرفتار کرکے قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شوکت علی قلندر کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اسے عمران خاں کے جلسہ میں آنے کی سزا دی گئی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر انتظامی افسران کو کیا کوئی اور غیر قانونی کام نظر نہیں آتا۔ایک غریب مزدور قلندر کو گرفتار کرکے اُن کے پورے خاندان کا معاشی قتل کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :