”Chief Minister Office Punjab“،دونوں بازوؤں سے محروم تبسم شہزادکی پاؤں سے انگلش میں تحریر،وزیراعلیٰ زمین پر بیٹھ کر طالبعلم کو پاؤں سے لکھتا ہوا دیکھتے رہے ،شاباش دی

جمعرات 29 اکتوبر 2015 09:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سوا برس قبل گجرات کے ایک با اثر زمیندار کے ظلم وستم کے باعث دونوں بازوؤں سے محروم ہونے والے پانچویں جماعت کے طالبعلم تبسم شہزاد اور اس کے والد کو خصوصی طورپر لاہور بلایا اور ان سے ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے بچے تبسم شہزاد کو پیار کیا اور اس سے تعلیم اور علاج کے بارے میں دریافت کیا-وزیراعلیٰ نے بچے کو اپنے پاس بلا کراپنے ساتھ کرسی پر بیٹھایا اور اس سے شفقت کا اظہار کرتے رہے-وزیراعلیٰ نے تبسم شہزاد کو اپنا قلم اورنوٹ بک دی جس پر طالبعلم تبسم شہزاد نے پاؤں سے انگلش میں ”Chief Minister Office Punjab“ لکھا- وزیراعلیٰ زمین پر بیٹھ کر انتہائی انہماک سے طالبعلم کوپاؤں سے لکھتا ہوا دیکھتے رہے اوراسے اچھے انداز میں پاؤں سے لکھنے پر شاباش دی اور تبسم شہزاد کی ہمت پر اس کا حوصلہ بڑھایا-وزیراعلیٰ نے طالبعلم سے پوچھا کونسی کلاس میں پڑھ رہے ہو جس پر اس نے بتایا کہ میں پانچویں جماعت میں تعلیم حاصل کر رہاہوں-میں کپڑے اور جوتے خود نہیں پہن سکتا یہ مجھے میری والدہ پہناتی ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک معصوم بچے کے دونوں بازو کاٹ کر انسانیت پر ظلم کیا گیاہے-