آئی پی ایل ، حصص کی فروخت میں بے ضابطگیاں، شاہ رخ خان تفتیش کے لیے طلب

جمعرات 29 اکتوبر 2015 09:01

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اکتوبر۔2015ء)ہندوستان کی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) ایجنسی نے آئی پی ایل کی سابق چیمپیئن ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک شاہ رخ خان کو حصص کی فروخت میں بے ضابطگیوں پر تفتیش کے لیے طلب کرلیا ہے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل کے دو سیزن 2012 اور 2014 میں چمپیئن ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔جو معاشی معاملات پر بے ضابطگیوں پر نظررکھنے والی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) ہندوستان کی ایک تفتیشی ایجنسی کی جانب سے شاہ رخ خان اور کولکتہ نائٹ رائیڈڑز ٹیم کے دوسرے مالک کو اس سے قبل مئی 2015 میں بھی ٹورنامنٹ میں بے ضابطگیوں پر تفتیش کے لیے بلایاگیاتھا، اس وقت انھوں نے اپنا موقف دینے کے لیے ایجنسی سے مہلت مانگی تھی۔

تاہم شارخ خان اپنی فلم کی شوٹنگ میں مصروفیات کے باعث ایک دفعہ پھر تفتیش کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ای ڈی 2009 اور 2010 میں فرنچائز کی جانب سے موریشش کی کمپنی سی آئس لینڈ انوسٹمنٹ لمیٹڈ کو حصص فروخت کرنے کے عمل کی تفتیش کررہی ہے۔ ای ڈی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے سی آئس لینڈ انوسٹمنٹ لمیٹڈ کو حصص سستے داموں فروخت کئے ہیں۔

انھوں نے یہ دعویٰ ہندوستان کی ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کمپنی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی بنیاد پر کیا ہے۔ اس چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کمپنی کو آئی پی ایل کی چند ٹیموں کے حصص کے فروخت اور قیمت کے حوالے سے آڈٹ کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔شاہ رخ خان 2011 میں بھی ایک سو کروڑ کی بیرون ملک سے منتقلی کے دوران قواعد کی خلاف ورزی کے الزام پر ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :