ناپسندیدہ سوالات پر حزب اللہ کا صحافیہ کے خلاف مقدمہ قائم

پیر 2 نومبر 2015 09:38

بیروت ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2015ء ) لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ نے ملک کی ایک نامور صحافیہ اور ٹی وی شو کی میزبان کے خلاف ناپسندیدہ سوالات پوچھنے پر ہتک عزت اور بہتان ترازی کے الزامات کے تحت عدالت میں مقدمہ قائم کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق صحافیہ اور ٹی وی شو کی میزبان دیما صادق پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ اس نے اپنے ایک ٹی وی ٹاک شو میں حزب اللہ کے مقرب فیصل عبدالساتر نامی لیڈر سے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے چبھتے ہوئے سوالات بھی پوچھے تھے جس پر انہوں نے دیما کے خلاف فوج داری عدالت میں مقدمہ قائم کیا ہے۔

دیما نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ" فیس بک" کے اپنے صفحے پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں بتایا کہ عدالت کی جانب سے انہیں ایک نوٹس بھیجا گیا جس میں حزب اللہ کی جانب سے میرے خلاف دائر مقدمہ میں مجھے مدعلیھا قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالتی نوٹس میں کہا گیا کہ مدعی نے میرے خلاف ایک ٹی وی شو میں ہتک عزت اور بہتان ترازی کا مقدمہ قائم کیا ہے۔ اس لیے مجھے 14 نومبر کو عدالت میں ہونے والی مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت کے روبرو پیش ہونا ہے۔

دیما کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے وکلاء کے پینل کو فیصل عبدالساتر سے پوچھے گئے سوالات کی فہرست اور اس کی تفصیلات بتا دی ہیں۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ عبدالساتر سے جو سوالات پوچھے گئے ہیں وہ بہتان اور ہتک عزت کے زمرے میں نہیں آتے ہیں۔ قانون کی رو سے یہ تمام سوالات محض تذکیر اور یاد دہانی میں شامل ہیں جو کسی بھی صحافی کو اپنے کسی بھی مہمان سے بلا امتیاز پوچھنے کا حق ہوتا ہے۔