عراق، خود کش کاربم حملہ ،7 افراد ہلاک،16زخمی ، 110 یزیدی افراد کی اجتماعی قبر دریافت، شمالی بغداد سے 175کلومیٹر دور طوز خورماتو نامی شہر میں پولیس چیک پوائنٹ کونشانہ بنایا گیا

اتوار 29 نومبر 2015 09:52

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2015ء)عراق میں سیکورٹی چیک پوائنٹ پر خودکش کار بم حملے میں7 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ، ملک کے شمال میں 110 سے زائد یزیدی برادری کے افراد کی اجتماعی قبر ملی ہے جس میں بارودی مواد بھی نصب کیا گیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکام نے بتایا ہے کہ شمالی بغداد سے 175کلومیٹر دور طوز خورماتو نامی شہر میں واقع ایک چیک پوائنٹ پر ایک کار خود کش حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن حالیہ دنوں میں وہاں شیعہ فورسز اور کرد جنگجووٴں کے مابین جھڑپیں ہوئی تھیں۔

پولیس نے اس خود کش حملے کو جہادیوں کے طرز کی کارروائی قرار دیا ہے۔عراق میں حکام کا کہنا ہے ملک کے شمال میں 110 سے زائد یزیدی برادری کیافراد کی اجتماعی قبر ملی ہے جبکہ اس قبر میں بارودی مواد بھی نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ قبر نومبر کے آغاز میں عراقی قصبے سنجار کا خود کو دولت اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم سے قبضہ چھڑانے کے بعد اس قصبے کے قریب سے ملی ہے۔

یاد رہے کہ دولت اسلامیہ نے اگست 2014 میں سنجار پر قبضہ حاصل کیا تھاجس کے بعد اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ انھوں نے وہاں موجود یزیدی برادری کو غلام بنانے کے بعد وہاں موجود افراد کا قتل عام کیا اور عورتوں اور لڑکیوں کا ریپ بھی کیا۔خیال کیا جا رہے کہ سنجار قصبے میں یا اس کے قریب ملنے والی چھٹی اجتماعی قبر ہے۔صوبہ نینوا کے اعلیٰ عہدیدار ماہما خلیل نے بتایا ہے کہ ’یہ قبر سنجار کے مغرب میں دس کلو میٹر دور واقع ہے۔

قبر کے ارد گرد بارودی مواد نصب کیا گیا ہے اور اس قبر کی کھودائی ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔ قبر میں موجود لاشوں کا اندازہ ان افراد کی ہلاکت کے عینی شاہدین سے ملنے والی معلومات سے لگایا گیا ہے۔ایک سرکاری عہدیدار نے قیاس ظاہر کیا ہے کہ دو ہفتے قبل ایک قبر ملی تھی جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سے 80 خواتین کی لاشیں ملی ہیں جن کی عمریں تقریباً 40 سے 80 سال کے درمیان تھیں۔اقوام متحدہ کے مطابق یزیدی برادری کے ساتھ دولت اسلامیہ کی جانب سے کیا جانے والا سلوک اس بات کا ثبوت ہے کہ عراق میں دولت اسلامیہ نسل کشی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :