اجتماعی زیادتی کیس، تمام ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں،جن کے فزانزک لیب میں ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں،کبھی بھی سیاسی دباوٴ کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا،اس واقعہ میں بھی انصاف ہوگا،شہبازشریف

بدھ 30 دسمبر 2015 09:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خصوصی افراد کی معاونت کیلئے” پنجاب خدمت کارڈ پروگرام“ کے اجراء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں اجتماعی زیادتی کے گھناوٴنے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں لیکن اس واقعہ کے حوالے سے کج بحثی جاری تھی کہ واقعہ میں ملوث ایک بااثر ملزم کو گرفتارنہیں کیا جا رہا ،اگرتمام ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے بھر پور کاوشیں نہ کی جاتیں تو پھر پنجاب حکومت کو موردالزام ٹھہرانا مناسب تھا۔

واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور جنوبی ایشیاء کی بہترین فزانزک لیب میں ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں ۔واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ ایماندار پولیس افسران پر مشتمل ہے اورتحقیقات کے نتائج قوم کے سامنے لائیں گے اورجر م ثابت ہونے پر ملوث افراد کسی صورت قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقدمہ کی تفتیش ایمانداری اور میرٹ پر ہوگی اس پرقطعاً کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ انصاف کی فراہمی میں کسی سیاسی اثرورسوخ کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے کبھی بھی سیاسی دباوٴ کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیااوراس واقعہ میں بھی انصاف ہوگا۔سیاسی اثرورسوخ کبھی انصاف کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا اورنہ ہی اس کیس میں ہونے دیا جائے گا۔

متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے حافظ آبادمیں محنت کش کے ہاتھ کاٹنے کے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،جس کی تحقیق کی روشنی میں حقائق سامنے آئیں گے ، دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوگا۔اگر جرم ثابت ہوا تو قانون کے مطابق مجرم کو سزا ملے گی اورمظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی میں کوئی پہاڑ بھی حائل نہیں ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ وقت ضائع کیے بغیر انصاف کے تقاضوں کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے اور دونوں واقعات کی تحقیقات کی روشنی میں سامنے آنے والے حقائق سے عوام کو آگاہ کریں گے۔