نائجیریا میں خواتین کے خودکش بم دھماکے، 50 ہلاک درجنوں زخمی

بدھ 30 دسمبر 2015 09:26

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء)نائیجیریا میں خواتین خود کش بمباروں نے 50افراد کی جان لے لی ، دھماکوں میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے شمال مشرقی علاقوں میں خواتین شدت پسندوں کی جانب سے کیے جانے والے خودکش بم دھماکوں میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور درجنوں زخمی ہیں۔فوج کے اہلکار نے بتایا کہ مداگیلی کے قصبے کے بازار میں ہونے والے دو خودکش دھماکوں میں کم سے کم 25 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ قریبی ریاست بورنو میں شدت پسندوں کے حملوں میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہیں۔

ان تازہ حملوں کا الزام بھی بوکو حرام پر عائد کیا جا رہا ہے۔مبصرین کے مطابق ان پر تشدد کارروائیوں کے ذریعے بوکو حرام یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ ابھی بھی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی عہدے دار نے خبر رساں ادارے کوبتایا کہ خواتین خودکش حملہ آوروں کے حملے میں کم سے کم 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مداگیلی کے مضافاتی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں 10 خودکش حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مقامی افراد نے بی بی سی کو بتایا کہ راکٹوں اور گرینڈ سے لیس مسلح جنگجووٴں نے دیہات میں داخل ہو کر فائر کھول دیے۔ اس حملے کے چند گھنٹے بعد ایک خاتون خودکش حملہ آور نے مسجد کے باہر اپنے آپ کو دھماکہ خیر مواد سے اڑا لیا۔ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں گذشتہ چھ برسوں کے دوران شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی پرتشدد کارروائیوں میں 17 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور15 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ شدت پسندوں نے علاقے میں ایک ہزار سکول بھی تباہ کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :