ہمت نہیں ہاری قومی عزم کیساتھ دہشت گردوں کا خاتمہ کرینگے،نواز شریف، مٹھی بھر د ہشت گرد غاروں میں چھپنے پر مجبور ہیں ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، 2018تک ملک بھر سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے،مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبہ آغاز کر دیا گیا ، ترقی کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دوں گا ،جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا ،مری کی عوام نے مسلم لیگ ن پر ہر وقت اعتماد کیا کھبی مایوس نہیں کیا ،مری کی عوام کی تایخ سنہری حروف میں لکھی جائے گی، وزیراعظم کا جی پی او مری کی عمارت اور پوسٹل میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 30 دسمبر 2015 09:33

مر ی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے لیے منصوبوں پر کام شروع ہے جس سے 2018تک ملک بھر سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے ، ملک بھر میں سیاحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ،مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں مری کو ترجیحی دی ہے اور اس کی وجہ سے مری اپنی اصل حالت میں واپس آگیا ہے ،گزشتہ چند دہائیوں میں مری میں کئی نا خوش گوار تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں ، جس کی وجہ سے مری کا حسن ماند پڑھ گیا تھا ، مری کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبہ آغاز کر دیا گیا ہے جس سے سیاحوں کو مزید سہولیات میسرآئیں گی ۔

۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز مری میں جی پی او مری کی عمارت اور پوسٹل میوزیم کاافتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ،اس موقع پر وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی وزیراطلاعات پروزیر رشید ، معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی ، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز ،صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور ، سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ،اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے جی پی او مری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور عمارت کا معائینہ بھی کیا ہے ، اور صارفین سے خوشگوار انداز میں گفتگو بھی کی اس موقع پر وزیراعظم نوا زشری نے مری کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا جن میں مری میں جدید نوعیت کا ہسپتال ،یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی ادارے ، سڑکیں اور پانی کے منصوبے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج مجھے جی پی او کی عمارت کا افتتاح کر کے دلی خوشی محسوس ہو رہی کیونکہ بچپن میں اس جی پی او کو میں خود بھی استعمال کر تا رہا ہوں ،اس جی پی او کے ذریعے مری سے لاہو ر اپنے گھر خط لکھ کر والدین کو خیریت سے آگاہ کرتا تھا ،وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مری کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر دور میں اقدامات کیے ہیں راولپنڈی سے مری تک موٹروے کا قیام اس کا عملی ثبوت ہے ،انہوں نے کہا کہ مری میں جدید ہسپتال کی سہولت دیں گے اب عوام کو علاج کے لیے راولپنڈی اسلام آباد نہیں جانا پڑے گا ،جی پی او کی عمارت کو دیگر تاریخی ورثوں کے لیے مثال بنا دیا گیا ہے ، مال روڈ جو مری کا تاریخی ورثہ ہے اس کو بھی محفوظ بنایا جا رہا ہے ،وزیراعظم نے کہا کہ مری کی عوام نے مسلم لیگ ن پر ہر وقت اعتماد کیا ہے اور ہمیں کھبی بھی مایوس نہیں کیا مری کی عوام کی تایخ سنہری حروف میں لکھی جائے گی کہ انہوں نے ہمیشہ مری سے مسلم لیگ کو کامیاب کیا ۔

مری کی عوام سے گہرا تعلق ہے اور مری کو دوسرا گھر سمجھتا ہوں اس کی ترقی کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دوں گا ،جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا ،منصوبوں میں شفافیت اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے گا ،متعلقہ ادارے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کے اندھیرے ختم کرنے کے لیے سب سے پہلے بجلی منصوبوں کا آغاز کیا ملک بھر کے کے مختلف علاقوں میں کئی منصوبے زیر تعمیر ہیں جن کی تکمیل سے 2018تک ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی ، ملک میں گیس بحران کے خاتمے کے لیے بھی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے امید ہے جلد لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی اور جلد مری کی عوام کو بھی گیس کی سہولت فراہم کریں گے ، وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جب حکومت سنبھالی تو بے شمار چیلجز کا سامنا تھا ،لوڈشیڈ نگ اور دہشت گردی نے ملک اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری اور قومی عزم کے ساتھ دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری رکھی جسکی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک ختم ہو گئے ہیں ، اب ملک میں امن کی فضاء قائم ہو گئی ہے عوام سکھ کا سانس لے رہے ہیں ، مٹھی بھر د ہشت گرد اب غاروں میں چھپنے پر مجبور ہیں لیکن ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ۔