امریکی حکومت کا شام روس کے کلیدی کردارکا اعتراف،یہ کہنا درست ہوگا اسد حکومت روسی فوجی امداد کے بعد پہلے سے طاقت ور ہو چکی ہے،امریکی اہلکار

بدھ 30 دسمبر 2015 09:27

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء)امریکی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے تین ماہ کے دوران کم لاگت کے ساتھ شام میں ایسے جنگی اہداف حاصل کر لیے ہیں، کہ وہ کئی برس تک اس شورش زدہ ملک میں ماسکو کی عسکری مہم جاری رکھ سکتے ہیں۔ شام میں روسی فوجی کارروائی تین ماہ سے جاری ہے۔ روسی حکومت کے مطابق اس مہم کا مقصد شام میں جہادی تنظیموں، بالخصوص داعش کو کمزور کرنا ہے۔

تاہم مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ روس اس فوجی مہم کے ذریعے اپنے حلیف شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کو مضبوط کرنا چاہتا ہے، اور اس کی فضائی بم باری کا ہدف شام کے وہ باغی ہیں جو اسد حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔تاہم امریکی اہل کاروں نے اس بات کا اعتراف کر لیا ہے کہ روس جو عسکری اہداف شام میں حاصل کرنا چاہتا تھا، وہ ان کے حصول میں کامیاب ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سینیئر امریکی حکومتی اہل کار نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ کہنا درست ہوگا کہ اسد حکومت روسی فوجی امداد کے بعد پہلے سے طاقت ور ہو چکی ہے۔“ اس اہل کار نے یہ بات نام مخفی رکھنے کی شرط پر کہی۔ اس کے علاوہ جن پانچ حکومتی اہل کاروں کا موقف بھی یہی تھا۔ ان امریکی اہل کاروں کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس کو اس مہم کے لیے کوئی بڑا خرچہ نہیں اٹھانا پڑا۔

یہ تجزیہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت اور صدر باراک اوباما عوامی سطح پر کہہ چکے ہیں کہ شام میں روسی مہم ناکامی کا شکار ہو رہی ہے۔ امریکی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر روس اس مہم کو زیادہ عرصے جاری رکھے گا، تو اس کو شدید نقصانات اٹھانا پڑیں گے۔بہت سے تجزیہ کار اس بات پر متفق ہیں کہ تیس ستمبر سے جاری مہم کے دوران روس کو بہت کم جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

داخلی سطح پر اقتصادی مسائل کے باوجود روس بڑی آسانی کے ساتھ اس کارروائی پر اٹھنے والے اخراجات برداشت کر رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس کی لاگت ایک سے دو بلین ڈالر سالانہ ہے، اور ماسکو اس کا خرچہ اپنے سالانہ دفاعی بجٹ سے پورا کر رہا ہے، جو کہ 54 بلین ڈالر کے برابر ہے۔روس کے ساتھ اس مہم میں ایران بھی بالواسطہ طور پر شریک ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق صدر اسد کے مخالفین کم زور پڑ چکے ہیں اور روس اور ایران کے حامی باغی بہت سے علاقوں کا کنٹرول سنبھال چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :