وی آئی پی پروٹوکول کا حکم نامہ نظر انداز ، وزیر پرویز خٹک کی نو گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ مردان میڈیکل کمپلیکس آمد، روٹ لگانے اور ہسپتال کے گیٹ بند کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی، کسی نے ایسا کیا تو اسے معطل کروں گا ، وزیراعلیٰ کے پی کے ، پروٹوکول کی اجازت نہیں، پولیس نے اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے کسی کو روکا ہے تو نوٹس اور کارروائی ہوگی ،صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی

بدھ 30 دسمبر 2015 09:08

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء) وزیر خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی نو گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ مردان میڈیکل کمپلیکس آمد وی آئی پی پروٹوکول کا حکم نامہ نظر انداز کردیا گیا ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ روٹ لگانے اور ہسپتال کے گیٹ بند کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی اگر کسی نے ایسا کیا تو اسے معطل کروں گا ۔صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا کہ پروٹوکول کی اجازت نہیں اگر پولیس نے اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے کسی کو روکا ہے تو نوٹس لیا جائے گا اور کارروائی ہوگی ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک مردان دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے لئے میڈیکل کمپلیکس پہنچے تو ان کے ساتھ پروٹوکول کے لئے نو گاڑیوں کا قافلہ تھا اور وزیراعلیٰ نے پچھلے دنوں پروٹوکول ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا اسے خود ہی انہوں نے ہوا میں اڑا دیا وزیراعلیٰ کی عیادت کے دوران ہسپتال کے تمام دروازے بند کردیئے گئے اور مریضوں کے لواحقین کو بھی اندر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی اس حوالے سے وزیر اطلاعات سے رابطہ کیا گیا تو مشتاق غنی نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعلیٰ کو ہسپتال میں وی آئی پی پروٹوکول کا علم نہیں وہ دو گاڑیوں کے ساتھ ہسپتال گئے ہیں اوران کے دورے کے موقع پر کسی کو بھی مریضوں کو روکنے کی اجازت نہیں اگر پولیس نے اپنے طور پر کسی کو روکا ہے تو اس کا نوٹس لیا جائے گا اور جو بھی ملوث ہوا اس کیخلاف کارروائی ہوگی وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے گیٹ بند کرنے اور روٹ لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دی اگر کسی اہلکار نے ایسا کیا ہے تو اسے معطل کروں گا