رینجرز اختیارات میں اضافہ،وزیرعظم،وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات آج ہوگی،قائم علی شاہ ‘ سابق صدر آصف علی زرداری کا وزیراعظم نواز شریف کو خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے،ذرائع

بدھ 30 دسمبر 2015 09:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء) سندھ میں رینجرز اختیارات میں اضافہ سے متعلق وزیرعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات آج(بدھ کو ) ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ‘ سابق صدر آصف علی زرداری کا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے۔ خبر رساں ادارے کو پیپلزپارٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سندھ میں رینجرز اختیارات میں اضافہ پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو اسلام آباد میں ملاقات کی دعوت دی تھی جس پر سید قائم علی شاہ نے جواب دیا تھا کہ وہ مشاورت کرکے حتمی جواب دیں گے۔

وزیراعظم ہاؤس ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات بدھ کو سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں ہوسکتی ہے کیونکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اطلاع دے دی ہے کہ وہ بدھ کو اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مذاکرات کرنے نہیں بلکہ دو ٹوک بات کرنے آرہے ہیں کہ وفاق سندھ مین اپنے فیصلے مسلط نہ کرے اور ملاقات پر پیپلزپارٹی ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ ضروری نہیں کہ وزیراعظم وزیراعلیٰ سندھ کے تحفظات کو من و عن مان لیں ہوسکتا ہے کہ خلیج بڑھ جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اسلام آباد آنے سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی تفصیلی بات چیت کی اور ان کی ہدایت کے مطابق حجت تمام کرنے آرہے ہیں اور سابق صدر کا خصوصی پیغام بھی دیں گے۔ پیپلزپارٹی کے ترجمان فرحت الله بابر نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ انہیں اتنا معلوم ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ اسلام آباد آرہے ہیں اور توقع ہے کہ ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہو تاہم وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ باتیں کیا ہوں گی۔