نوبیل انعام یافتہ بھارتی سماجی کارکن کیلاش ستیارتھی کے انعام کی نقل ان کے گھر سے چوری ہوگئی

منگل 7 فروری 2017 23:24

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8فروری۔2017ء)نوبیل انعام یافتہ بھارتی سماجی کارکن کیلاش ستیارتھی کے انعام کی نقل ان کے گھر سے چوری ہوگئی۔ ُ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ جنوبی دہلی میں کیلاش ستیارتھی کے گھر میں چوری ہوئی، جس میں دیگر اشیا کے علاوہ نوبیل انعام کی نقل بھی شامل تھی۔پولیس نے کہا کہ گھر میں رات گئے چوری ہوئی جس کا پتہ اگلے روز سب سے پہلے کیلاش ستیارتھی کے عملے کو لگا۔

63 سالہ بھارتی سماجی کارکن اس وقت امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی شخصیات کی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی۔سینئر پولیس افسر نے کہا کہ علاقے کے تمام اسکریپ ڈیلروں اور جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ جائے وقوع سے تمام ثبوت اور انگلیوں کے نشان بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کیلاش ستیارتھی نے بتایا کہ چوری کے بعد سے ان کا نوبیل سرٹیفکیٹ بھی گھر سے غائب ہے۔انہوں نے کہا کہ جس وقت چوری ہوئی اس وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا۔یاد رہے کہ کیلاش ستیارتھی کو بھارت میں بچوں سے جبری مشقت اور ان کی اسمگلنگ کے حوالے سے کام کرنے پر 2014 میں امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا۔انہیں یہ انعام لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ مشترکہ طور پر دیا گیا تھا