سندھ اسمبلی نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے چار الگ الگ قراردادیں منظور کرلیں

بدھ 8 مارچ 2017 23:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مارچ ء) سندھ اسمبلی نے بدھ کو خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے چار الگ الگ قراردادیں منظور کرلیں جن میں جمہوریت اور حقوق نسواں کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے والی خواتین کو ان کی تاریخی جدوجہد پر زبردست خراج عقیدت و تحسین پیش کیا گیا ہے۔ یہ قرار دادیں پیپلز پارٹی کی غزالہ سیال، ایم کیو ایم کی ناہید بیگم، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیاء اور مسلم لیگ (ن) کی سوڑھ تھیبو کی جانب سے پیش کی گئی تھیں جن کی ایوان نے متفقہ طور پر الگ الگ منظوری دی۔

اپنی قرارداد میں پی پی کی غزالہ سیال نے شہید وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی جمہوریت اور خواتین کے حقوق کے لئے جدو جہد پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر شہید کی پوری زندگی ہماری لئے مشعل راہ ہے۔ ایم کیوا یم کی ناہید بیگم کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کے منشور میں خواتین کو زیادہ نمائندگی دینے کی بات کی گئی ہے اب وقت آگیا ہے کہ ان باتوں پر عمل کیا جائے اور خواتین کو زیادہ بااختیار بنایا جائے۔

پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیا کا کہنا تھا کہ خواتین معاشرے میں زندگی کے ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں لیکن افسوس کے سرکاری اداروں میں ان کی تعداد بہت زیادہ اطمیان بخش نہیں ھکومت کو چاہیے کہ وہ خواتین کو زیادہ بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کرے اور معاشرے میں عورتوں کا جائز مقام تسلیم کیا جائے۔ مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب ہم خواتین کے حقوق یا ان کی حیثیت کی بات کرتے ہیں تو اس سے یہ مراد ہر گز نہیں لینی چاہیے کہ ہم ان سے آگے بڑھنا یا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں بلکہ ہماری یہ خواہش ہے کہ ہمیں معاشرے میں مساوی درجہ دیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کی سورٹھ تھیبو کا بھی یہ کہنا تھا کہ ہم مردوں کا حق نہیں مارنا چاہتے صرف اپنے حق کی بات کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :