ْکوئٹہ ‘احتساب عدالت نے گندم خردبرد کے ریفرنسز میں نامزد سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار خان کا کڑ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور سابق ڈپٹی سیکرٹری خوراک ظاہر جان جمالدینی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روزہ توسیع کر دی

بدھ 15 مارچ 2017 23:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مارچ ء) احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج جناب پذیر بلوچ نے گندم خردبرد کے ریفرنسز میں نامزد سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار خان کا کڑ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور سابق ڈپٹی سیکرٹری خوراک ظاہر جان جمالدینی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روزہ توسیع کے احکامات دے دئیے۔

گز شتہ روز سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار خان کاکڑ ،سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور سابق ڈپٹی سیکرٹری خوراک ظاہر جان جمالدینی کو عدالت میں پیش کیاگیا تو ایک ریفرنس میں بیان قلم بند کرنے والے گواہ آفاق بیگ پر جرح مکمل کی گئی جبکہ ملزم شمیم طاہر پر جرح کاسلسلہ شروع کیا گیا تاہم مذکورہ گواہ پر جرح مکمل نہیں کی جاسکی ایک اورریفرنس میں بیان قلم بند کرنیوالے گواہ عالمگیر پر بھی جرح شروع کیاگیا تاہم اس کا سلسلہ بھی مکمل نہ ہوسکا اس کے علاوہ ایک اور ریفرنس میں زیر حراست ملزم نعیم خان کو پیش نہ کئے جانے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی بعدازاں عدالت نے گرفتار ملزمان سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار خان کاکڑ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور سابق ڈپٹی سیکرٹری خوراک ظاہر جان جمالدینی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30مارچ تک کیلئے توسیع کے احکامات دے دئیے۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر خوراک سمیت دیگر ملزمان پر گندم خردبرد ریفرنسز میں قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان کاالزام ہے ،گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر خوراک کو عدالت میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر ان کے قبیلے اور پارٹی کے درجنوں لوگ عدالت کے احاطے میں موجود رہے۔