حامدسعید کاظمی رہائی کے بعد ملتان پہنچ گئے‘حامیوں کا شانداراستقبال ،ڈھول کی تھاپ پررقص،جلوس کی شکل میں لایا گیا

صدقے کے طور پرکالے بکرے ذبح کیے گئے،علی حیدرگیلانی نے بھی پیپلزپارٹی کارکنوں کے ہمراہ استقبال کیا الزام لگانے والوں پرہتک عزت کا کیس دائر کیا ہے‘ میری کرپشن کی باتیں کرنے والیے مجھے مبارکبادیں دے رہے ہیں، میں پیپلز پارٹی میں ہوں روز روز جماعتیں نہیں چھوڑی جاتی،سابق وفاقی وزیرحامدسعید کاظمی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 23 مارچ 2017 20:51

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مارچ ء)سابق وفاقی وزیرمذہبی امور سیدحامدسعید کاظمی رہائی کے ملتان پہنچ گئے ،ان کی ملتان آمد پران کے حامیوں اور مریدین نے شاندار استقبال کیا۔قادرپورراں سے بڑے جلوس کی شکل میں انہیں لایا گیا جبکہ ملتان کے چوک کمہاراں والا پرسابق وزیراعظم گیلانی کے صاحبزادے علی حیدرگیلانی،بھائی احمد مجتبیٰ گیلانی نے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا ،اس موقع پر کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پررقص کیا جبکہ صدقے کے طور پرکالے بکرے بھی ذبح کیے گئے۔

سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامدسعیدکاظمی کا اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدالت میں اللہ نے مجھے سرخرو کیا ہے،الزام لگانے والے عدالت میں جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

الزام لگانے والوں پرہتک عزت کا کیس دائر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کرپشن کی باتیں کرنے والیے مجھے مبارکبادیں دے رہے ہیں،جنہوں نے کیس شروع کیا ،ان سے پوچھا جائے کرپشن کس نے کی۔

انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی میں ہوں روز روز جماعتیں نہیں چھوڑی جاتی۔مشورہ کرکے عام انتخابات لڑنے کیلئے حلقے کا انتخاب کروں گا۔دریں اثناء سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامدسعید کاظمی کے استقبال کیلئے آنے والے مریدین کے ٹرک موٹرسائیکل سواروں سے ٹکرا گیا،جس پر موٹرسائیکل سوارمرداورخاتون نے حامد سعیدکاظمی کی گاڑی کے سامنے احتجاج کیا۔پولیس نے ٹرک کوقبضے میں لیکرمتاثرین کی درخواست پرکارروائی شروع کردی ہے۔