دہشت گردی کے خلاف جدوجہد عالمی سطح پر ہونی چاہیے، ترک وزیر اعظم

بدھ 24 مئی 2017 12:04

انقرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مئی ء) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم یلدرم نے جارجیا کے سرکاری دورے کے دوران جارجین وزیر اعظم کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرس کے دوران برطانیہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دوست اور اتحادی ملک برطانیہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے میں جانی نقصان کا افسوس ہوا ہے۔

یلدرم نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی سے وسیع پیمانے کا نقصان برداشت کیا ہے ، یہ ایک عالمی خطرہ ہے لہذا دہشت گردی کے خلاف جدوجہد بھی عالمی سطح پر ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہر مقام کی سیکیورٹی یکساں طور پر اہم بن چکی ہے، کیونکہ دہشت گردی کہیں بھی ہو سکتی ہے اب کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس کا ملک زیادہ محفوظ ہے لہذا ہمیں دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔