حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش،2 گھنٹے پوچھ گچھ،بیان ریکارڈ کرایا

جے آئی ٹی نے حسین نواز کو سوالنامہ فراہم کر دیا ،30 مئی کو دوبارہ طلب

اتوار 28 مئی 2017 17:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر مئی ء) وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے بننے والی جے آئی ٹی کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا جبکہ جے آئی ٹی نے حسین نواز کو 30 مئی کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔اتوار کے روز حسین نواز جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد پہنچے اور جے آئی ٹی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرا کے میڈیا سے بات کئے بغیر واپس چلے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے تقریباً دو گھنٹے تک حسین نواز سے پوچھ گچھ کی اور انہیں سوالنامہ بھی فراہم کیا۔ جے آئی ٹی نے حسین نواز سے سوالنامے کے تفصیلی جوابات طلب کرتے ہوئے انہیں 30 مئی کو دوبارہ طلب کر لیا۔قبل ازیں جوڈیشل اکیڈمی پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا کہ مجھے جے آئی ٹی کی جانب سے گزشتہ روز نوٹس ملا جس میں 24 گھنٹوں کے اندر پیش ہونے کا کہا گیا، اپنے وکیل فضل غنی ایڈوکیٹ کے ہمراہ جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو کر اپنا موقف پیش کروں گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی جانب سے مجھے کسی قسم کا کوئی سوالنامہ پیش نہیں کیا گیا بلکہ صرف پیش ہونے کا کہا گیا۔واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے حسین نواز کو اس سے قبل طلب کیا گیا جس میں انہیں تمام دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر حسین نواز نے جے آئی ٹی کے 2 ممبران پر اعتراض کرتے ہوئے ایک درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرائی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان ممبران کی سیاسی جماعت سے وابستگی ہے لہذا انہیں جے آئی ٹی سے علیحدہ کیا جائے جس پر 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت آج (پیر کو) کی جائے گی

متعلقہ عنوان :