ریلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر تشدد کیخلاف قومی اسمبلی کی پریس گیلری سے صحافیوں کا واک آئوٹ ،ْسپیکر نے ایک ہفتے میں انکوائری رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 17 اگست 2017 23:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء) مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی طرف سے نواز شریف کی لاہور روانگی کے سلسلہ میں کوریج کرنے والے صحافیوں پر تشدد پر قومی اسمبلی کی پریس گیلری سے صحافیوں نے اجلاس کا واک آئوٹ کیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے نوٹس لیتے ہوئے ایک ہفتے میں انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق 19 اگست کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور روانگی کے سلسلہ میں ریلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر تشدد کے خلاف جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی کوریج کرنے والے صحافیوں نے پریس گیلری کا مکمل بائیکاٹ کیا جس کا نوٹس لیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد اور بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر کو واک آئوٹ ختم کرانے کے لئے پریس لائونج میں صحافیوں کے پاس بھیجا۔

(جاری ہے)

صحافیوں نے وفاقی وزراء کو صحافیوں پر تشدد اور انہیں بے جا حراست میں رکھنے کے حوالے سے معاملات سے آگاہ کیا۔صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ تشدد کے ذمہ دار اور صحافیوں کو حراست میں لینے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جس پر آفتاب شیخ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ روایات غلط ہیں۔

واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو تشدد کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں‘ اچھی بات ہے لیکن صحافیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی مرضی کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور اس حوالے سے سپیکر نے ایک ہفتہ میں رپورٹ اسمبلی میں جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی تشدد کے واقعات میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :