داؤد ابراہیم کی بیوی کاخفیہ دورہ ممبئی،

بھارت میں ہنگامہ کھڑاہوگیا داؤد ابراہیم کی بیوی ممبئی میں اپنے والد کی عیادت کیلئے آئیں، انٹیلی جنس کی ناکامی ہے،کانگریس کا ردعمل

پیر 25 ستمبر 2017 16:29

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر ۔2017ء) انڈرورلڈ ڈان دائود ابراہیم کی بیوی کے خفیہ دورہ ممبئی کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد بھارت میں ہنگامہ برپا ہوگیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی سرکار سے انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بیوی کی گزشتہ سال بھارت آمد کی وضاحت مانگ لی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی کے مطابق کانگریس کے ترجمان نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ داؤد ابراہیم کی بیوی کی ممبئی آمد کی کانوں کان خبر نہ ہونا مرکزی اور مہاراشٹر حکومت کے علاوہ ممبئی انٹیلی جنس کی ناکامی ہے ، کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ داؤد ابراہیم کی بیوی مہ جبین شیخ 2016 میں اپنے والد سے ملنے کیلئے ممبئی آئی تھی،مودی سرکار اس دوران سوئی رہی ۔

ترجمان کانگریس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی بھابھی مہ جبین شیخ 2016 میں اپنے والد سلیم کشمیری سے ملنے کیلئے ممبئی آئی بعد ازاں خاموشی سے واپس چلی گئی ۔ پولیس نے اقبال کاسکر کی جانب سے ایسے کسی انکشاف کی تردید کی ہے۔