دنیا کی وزنی ترین مصری خاتون یو اے ای ہسپتال میں انتقال کرگئیں ، عمر 37 برس تھی

موت کی وجہ وزن میں زیادتی کے باعث امراض، دل کا عارضہ اور گردوں کی خرابی ہے ، ڈاکٹرز

پیر 25 ستمبر 2017 18:42

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر ۔2017ء) مصر سے تعلق رکھنے والی 'دنیا کی وزنی ترین' خاتون ایمان احمد متحدہ عرب امارات کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئیں، عمر 37 برس تھی۔ان کا انتقال ابوظہبی کے برجیل ہسپتال صبح ساڑھے 4 بجے ہوا۔ڈاکٹرز کی جانب سے ان کی موت کی وجہ وزن میں زیادتی کے نتیجے میں ہونے والے امراض، دل کا عارضہ اور گردوں کی خرابی کو قرار دیا جارہا ہے۔

مصری خاتون کی موت کے بعد جاری کردہ پیغام میں اماراتی ہسپتال کا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں اور دلی تعزیت ایمان احمد کے گھر والوں کے ساتھ ہیں۔خیال رہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے خاتون کے وزن میں زیادتی کی وجہ تھائی رائیڈ کی خرابی بتائی جاتی رہی تھی۔چند ماہ قبل تک دنیا کی وزنی ترین خاتون کا اعزاز رکھنے والے خاتون کو رواں سال مئی میں متحدہ عرب امارات لایا گیا تھا جہاں 20 ماہر ڈاکٹرز ان کی دیکھ بھال اور علاج کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وہ علاج کے لیے اپنی بہن کے ہمراہ بھارت بھی گئی تھیں جہاں وزن میں کمی کی سرجری کے ذریعے ان کا وزن 300 کلو گرام کم کیا گیا تھا۔رواں سال فروری میں خاتون کو مصر سے کارگو طیارے کے ذریعے ہندوستان لایا گیا تھا اور وہ ممبئی کے سیفی ہسپتال میں زیر علاج رہی تھیں۔وزن میں کمی کی کامیاب سرجری کے باوجود ماہ اپریل میں چند منفی خبریں بھی سامنے آئی تھیں،جن کے مطابق ایمان احمد کی بہن نے دعوی کیا تھا کہ بھارتی ڈاکٹرز نے دواں کی بھاری مقدار استعمال کرکے ان کی بہن کی دماغی سرگرمی کو متاثر کردیا تھا۔۔