شام ،ْامریکی اتحادیوں کی کارروائیوں میں 84 شہری ہلاک

شام میں امریکی قیادت میں اتحادیوں کی داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں میں اب تک 2 ہزار 286 شہری مارے جاچکے ہیں ،ْرپورٹ

پیر 25 ستمبر 2017 22:17

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر ۔2017ء)شام کے شمال مشرقی صوبے رقہ میں جاری لڑائی میں امریکی سربراہی میں اتحادی فوج کی کارروائیوں میں مارچ کے مہینے میں 84 شہریوں کو ہلاک کیا گیا۔ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کی رپورٹ کے مطابق امریکی اتحادی دو اطراف سے حملہ آور ہوگئے تھے ،ْامریکی اتحادی فوج نے منصورہ شہر میں واقع ایک اسکول جہاں بے گھر افراد کو ٹھہرایا گیا تھا اور طبقہ میں واقع بیکری اور ایک مارکیٹ کی جانب سے کارروائی کی تھی۔

انسانی حقوق کی تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عینی شاہدین نے وہاں پر دولت اسلامیہ (داعش) کے دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق کی تھی تاہم عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔ایچ آر ڈبلیو کے ڈپٹی ڈائریکٹر اولے سولونگ نے بتایا کہ ان حملوں میں درجنوں شہریوں کے علاوہ بچے بھی شامل ہیں جنھوں نے اسکول میں پناہ لیا ہوا تھا یا بیکری سے کھانے پینے کی اشیا خریدنے کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر اتحادی فوجیوں کو وہاں پر عام شہریوں کی موجودگی کا علم نہیں تھا تو پھر انھیں ہدف پر کارروائی کے لیے سہارا لیے جانے والی خفیہ رپورٹس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے کیونکہ یہ واضح طور پر نیک شگون نہیں ہے۔ایچ آر ڈبلیو کا کہنا ہے کہ 20 مارچ کو ہونے والی پہلی دو کارروائیوں میں منصورہ کے بدیا اسکول میں 16 بچوں سمیت 40 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 22 مارچ کو طبقہ مارکیٹ اور بیکری میں ہونے والی دوسری کارروائی میں 14 بچوں سمیت 44 افراد جاں بحق ہوئے۔

شام میں امریکی قیادت میں اتحادیوں کی داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں میں اب تک 2 ہزار 286 شہری مارے جاچکے ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق شامی انسانی حقوق تنظیم کی رپورٹ کے مطابق امریکی اتحادیوں کی جانب سے حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں 674 بچے اور 504 خواتین شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق فضائی حملوں میں مساجد، ہسپتال اور اسکولوں سمیت 157 شہری مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔واضح رہے کہ امریکا نے عراق میں جاری کارروائیوں کو وسعت دیتے ہوئے 23 ستمبر 2014 کو شام میں داعش کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔