دو برسوں کے دوران ایک ملین افغان ہجرت پر مجبور ہوئے،نارویجن مہاجرین کمیشن

ہفتہ 10 فروری 2018 15:48

اوسلو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 10 فروری 2018ء)ناروے کے کمیشن برائے مہاجرین (این آر سی) نے کہا ہے کہ افغانستان میں بڑھتی ہوئی جھڑپوں اور سلامتی کے خدشات کے نتیجے میں دو برسوں کے دوران ایک ملین سے زائد افراد اپنے گھر بار ترک کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترک خبر رساں ادارے نے نارویجن کمیشن برائے مہاجرین کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں سلامتی کے مسائل کی وجہ سے روزانہ تقریباً 1200 افراد نے دوسرے علاقوں کی طرف ہجرت کی۔

کمیشن کے سیکرٹری جنرل یان ایگے لینڈ نے بتایا کہ افغانستان نے سویلین اور امدادی تنظیموں کے ملازمین کے لیے دنیا کے خطر ناک ترین ملک کی حیثیت حاصل کر لی ہے،خاص کر یورپ میں موجود افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیجا جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان کی صورتحال مہاجرین کو زبر دستی واپس بھیجنے کے قابل نہیں لیکن اس کے باوجود یورپی ممالک افغان پناہ گزینوں کو واپس بھیج رہے ہیں،اس عمل کو روکنے کی ضرورت ہے۔